کھیل
11 جون ، 2017

چیمپئنز ٹرافی:بھارت ،جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

چیمپئنز ٹرافی:بھارت ،جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا،اور اب بھارت کا سیمی فائنل میں مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔

جنوبی افریقہ نے بھارت کو جیت کے لیے192کا ہدف دیا تھا، جو کہ بھارت نے دووکٹوں کے نقصان پر 38اوورز میں 193رنز بناکر پورا کرلیا۔

اس سے قبل کیننگٹن اوول لندن میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس بھارت کے کپتان نے جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔تاہم آج کا دن جنوبی افریقہ کے لیے بہت خراب ثابت ہوا اور سوائے اوپننگ شراکت کے افریقی الیون کسی بھی موقع پر بھارتی بولروں اور فیلڈروں کا گھیرائو توڑ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

تین کھلاڑی ،کپتان ابراہام ڈی ویلیئرز16،ڈیوڈ ملر 1ابتدامیں اورآخر میںعمران طاہر1 پر رن آئوٹ ہوئے۔ اسی طرح دیگر بیٹسمین بھی یکے بعد دیگر ے بھارتی بولروں کا شکار ہوکر پویلین لوٹتے رہے۔

افریقی اوپنرکوئنٹن ڈی کوک53 ، ہاشم آملہ35،ڈی پیلوسس36اور ڈومینی 20کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین قابل ذکر اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔کرس مورس 4،فیلوکووائیو4،رابادا5اور مورنی مورکل کوئی رن بنائے بغیر آئوٹ ہوئے۔

اس طرح افریقی الیون 44اعشاریہ تین اوورز میں 191رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن کو دیکھتے ہوئے یہ اسکور ایک آسان ہدف تھا جو کہ بھارتی ٹیم نے 38اوورز کے اختتام پر صرف دووکٹیں کھوکر حاصل کرلیا۔

شیکھر داہون 78، روہت شرما 12، کپتان ویرات کوہلی 76ناٹ آئوٹ اوریووراج سنگھ 23ناٹ آئوٹ نے بھارت کو فتح سے ہم کنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

افریقی بولر بیٹنگ کے بعد بولنگ اور فیلڈنگ میں بھی غیر متاثر کن نظر آئے اور بھارتی بیٹسمینوں کے لیے ہدف کا حصول نہایت آسان ثابت ہوا۔

مزید خبریں :