کھیل
13 جون ، 2017

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: فیورٹ کون؟

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: فیورٹ کون؟

سری لنکا سے جیت کے بعد پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچا جب کہ انگلینڈ کو 2 مرتبہ سیمی فائنل کھیلنا نصیب ہوا اور اب دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ اس ایونٹ میں آمنے سامنے آئیں گی۔

چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ کے مقابلے میں پاکستان کی کارکردگی کافی بہتر ہے کیوں کہ گرین شرٹس چار بار ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچی جس میں 2000, 2004, 2009, 2017 شامل ہے جب کہ انگلینڈ کو صرف 2 مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے کا موقع ملا. اس مرتبہ ایونٹ کے میزبان انگلینڈ پہلی مرتبہ 2004 اور دوسری مرتبہ 2013 میں چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل کھیلنے میں کامیاب ہوئی۔ 

حیران کن طور پر ایک جیسی قسمت رکھنے والے پاکستان اور انگلینڈ اس ایونٹ میں آج تک آمنے سامنے نہیں آئے اور کل ہونے والا ان کا پہلا ٹاکرا کارڈف میں ہوگا جہاں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 2 میچز کھیلے گئے جس میں ایک میچ بارش کی نظر ہوا جب کہ دوسرے میں گرین شرٹس کو کامبابی ملی۔

چیمپئنز ٹرافی کے علاوہ پاکستان اور انگلینڈ 81 مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آچکے ہیں جس میں 49 بار پاکستان نے کامیابی حاصل کی اور 30 مرتبہ انگلینڈ نے میدان مارا جب کہ 2 میچ بے نتیجہ رہے۔

دونوں ٹیموں کے موجودہ اسکواڈ پر نظر ڈالی جائے تو انگلش کپتان این مورگن نے پاکستانی بولرز کو خوب پریشان کیا اور 18 میچز میں 624 رنز داغے جس میں 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی شامل ہے۔

مورگن کے علاوہ  جوئے روٹ نے 9 میچز میں  419 رنز اور الیکس ہیلز پاکستان کے خلاف 9 میچز میں  394 رنزکے ساتھ 171 رنز کی بہترین اننگز کھیل چکے ہیں ۔

دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں کا ریکارڈ بھی قابل ستائش ہے۔ اسکواڈ میں شامل محمد حفیظ جو اب تک فارم کے واپس آنے کے انتظار میں ہیں نے انگلینڈ کے خلاف 22 میچز میں 590 رنز بنا چکے ہیں جس میں  102 رنز کی ایک ناقابل شکست اننگز بھی شامل ہے۔ ان کے علاوہ شعیب ملک (23 میچز میں416 رنز، اور سرفراز احمد 9 میچز میں  414 رنز انگلینڈ کے خلاف بنا چکے ہیں۔

بولنگ کے شعبے میں پاکستانی اسکواڈ میں شعیب ملک 23 میچوں میں 11 وکٹیں لے چکے ہیں جب کہ انگلینڈ کی طرف سے اسٹیون فن نے 4 میچوں میں پاکستان کی 13 وکٹیں لیں۔

کارڈف کے میدان میں جس میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی اس میں سرفراز احمد 90 رنز اور شعیب ملک 77 رنز کے ساتھ چھائے ہوئے نظر آئے جب کہ بولنگ میں حسن علی 4 اور محمد عامر 3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔

اگر بیٹنگ لائن میں نوجوان کھلاڑیوں کی بات کریں تو کل کے سیمی فائنل میں قوم کی نظریں سری لنکا کے خلاف ایک چھکے اور 8 چوکوں کے ساتھ 138 کے اسٹرائیک ریٹ سے نصف سنچری بنانے والے اوپنر فخر زمان پر ہوں گی۔ اس کے علاوہ پریکٹس میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ جتوانے والے فہیم اشرف اور کپتان سرفراز احمد بھی توجہ کر مرکز رہیں گے۔

تو کیا شاہین کارڈیف میں انگلینڈ کے خلاف فتح کی تاریخ دہرا پائیں گے؟

مزید خبریں :