کھیل
14 جون ، 2017

پاکستان کی شاندار کارکردگی پر غیرملکی کرکٹرز بھی تعریف پر مجبور

پاکستان کی شاندار کارکردگی پر غیرملکی کرکٹرز بھی تعریف پر مجبور

پاکستان کرکٹ ٹیم  کی سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی نے دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کو بھی گرین شرٹس کی تعریف پر مجبور کردیا۔

شاہینوں نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی بار فائنل میں جگہ بنالی ہے جب کہ قومی کرکٹ ٹیم نے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں انگلینڈ کی ٹیم کو مکمل طور پرآؤٹ کلاس کردیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بہترین کارکردگی پر دنیائے کرکٹ کے لیجنڈز کھلاڑی بھی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان پہلی مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا

آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر اور آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدر آباد کے کوچ ٹام موڈی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان نے کنڈیشن کا صحیح استعمال کرتے ہوئے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ 

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان بہت عمدہ کھیل رہا ہے جسے دیکھ کر محظوظ ہو رہا ہوں۔

سری لنکا کے سابق کپتان کمارا سنگاکارا نے اپنے جذبات کا اظہار یہ کہہ کر کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت سے ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ میں بہترین واپسی کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنالی جو کہ شاندار جیت ہے۔

 

جنوبی افریقا کےسابق کپتان گریم اسمتھ نے گرین شرٹس کو جیت پر پاکستان زندہ باد ہیش ٹیگ استعمال کرکے مبارک باد دی۔

جہاں غیر ملکی کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا وہیں پاکستان کے لیجنڈ بھی پیچھے نہ رہے۔

سابق فاسٹ بولر اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑکوں تم چیمپئن ہو بس اوول تیار رہنا ہم آرہے ہیں۔

کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت اچھی ثابت رہی جنہوں نے پاکستانی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :