کھیل
15 جون ، 2017

چیمپئنز ٹرافی کی ٹیموں کو ملنے والی انعامی رقم کی تفصیلات

چیمپئنز ٹرافی کی ٹیموں کو ملنے والی انعامی رقم کی تفصیلات

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح اور شکست خوردہ ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی اس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کو دنیائے کرکٹ کا منی ورلڈ کپ بھی کہا جاتا ہے اور آئی سی سی ایونٹس میں انعامی رقم کے اعتبار سے یہ تیسرا بڑا ٹورنامنٹ ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے اس ایونٹ میں شریک تمام آٹھوں ٹیموں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ ڈالر تقسیم کیے جائیں گے جو کہ پاکستانی روپوں میں 47 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی 2013 کے مقابلے میں اس بار انعامی رقم بڑھادی ہے۔

ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم میں 5 لاکھ  ڈالر سے زائد کا اضافہ کیا گیا ہے اور یوں گزشتہ ایونٹ کے مقابلے میں اس ایونٹ میں فاتح ٹیم کو زیادہ رقم سے نوازا جائے گا۔ 

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شاہین پہلے ہی جگہ بناچکے ہیں اور اگر گرین شرٹس نے فتح کا تاج اپنے سرسجالیا تو ان پر ڈالروں کی برسات ہوگی اور  22 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم قومی ٹیم کے کھاتے میں جائےگی۔

جب کہ فائنل میچ میں شکست کھانے والی ٹیم کو 11 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے جو مجموعی انعامی رقم کا نصف ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انعامی رقم صرف ایونٹ کی ونر اور رنر  اپ ٹیموں کو ہی نہیں ملے گی بلکہ سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے علاوہ ایونٹ میں آخری نمبر پر آنے والی ٹیموں کو بھی انعامی رقم سے نوازا جائے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے سیمی فائنلز تک پہنچنے والی انگلینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیموں کو 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔

گروپ اسٹیجز میں تیسری پوزیشن پر آنے والی آسٹریلیا اور جنوبی افریقا 90 ، 90 ہزار ڈالر کے حقدار ٹھہریں گے۔

اس کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کے دونوں گروپوں میں سب سے آخری نمبر پر آنے والی نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کو بھی خوش کیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو 60، 60 ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔

مزید خبریں :