انٹرٹینمنٹ
16 جون ، 2017

عدالت میں کیسز کے باعث جمع پونجی ختم ہوگئی تھی، سلمان کا انکشاف

عدالت میں کیسز کے باعث جمع پونجی ختم ہوگئی تھی، سلمان کا انکشاف

بالی وڈ میں کروڑوں کمانے والے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان نے چنکارا اور ہٹ اینڈ رن کیس کی پیروی کے دوران پیش آنے والی مالی مشکلات کا پہلی بارانکشاف کیا ہے۔

سلمان خان فلم نگری کا بڑا نام ہیں جن کی ناکام فلمیں بھی 150 کروڑ سے زائد کی کمائی کرتی ہیں جب کہ سلو میاں ہی ہیں جنہوں نے فلم نگری کو 100 کروڑ کلب دیا ہے۔

سلمان خان کا شمار فلمی دنیا کے ان چند اداکاروں میں ہوتا ہے جن کے فلموں میں اپنائے گئے ہیئر کٹ اور کپڑوں کے اسٹائل مقبول ہوجاتے ہیں جب کہ اس شہرت پر پہنچنے کے لیے انہوں نے ذاتی زندگی میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھا ہے۔

دبنگ خان 1998 سے اب تک مختلف مقدمات بھگت رہے ہیں جس میں کالے ہرن کے غیرقانونی شکار کیس، اسلحہ کیس اور ہٹ اینڈ رن کیس مشہور ہیں۔

جب کہ سلو میاں ان تمام کیسز میں بری ہوچکے ہیں لیکن انہوں نے اس دوران پیش آنے والے واقعات سے پہلی بار لب کشائی کی ہے۔

فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی تشہیری تقریب کے دوران سلمان خان کا کہنا تھا کہ 20 سال سے مختلف مقدمات جھیل رہا تھا جس کے باعث میری مقبولت میں کمی آگئی تھی اور فلموں میں کام ملنا بھی بند ہوگیا تھا جس کی وجہ سے پریشان رہنے لگا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام مقدمات میں بری ہوچکا ہوں لیکن اس دوران گزرے ہوئے وقت کو یاد کرکے کانپ جاتا ہوں کیوں کہ مجھ پر وہ مقدمات قائم کیے گئے جو گناہ میں نے کیے ہی نہیں تھے اور خود کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے ہر دوسرے دن عدالت کے چکر لگاتا تھا جس دوران میری اور گھر کی ساری جمع پونجی ختم ہوچکی تھی۔

بالی ووڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ اس سارے مشکل دور سے گزرنے کے لیے میں نے مختلف پروگرامز اور دوستیاں بڑھانا شروع کیں تو مجھ پر انگلیاں اٹھائی گئیں لیکن اب میں کسی بھی بات کی پرواہ نہیں کرتا اور خود کو مصروف رکھتا ہوں لہٰذا فارغ اوقات میں زیادہ سے زیادہ وقت فیملی کے ساتھ گزارتا ہوں۔

مزید خبریں :