کھیل
17 جون ، 2017

پاک بھارت ٹاکرا: ٹی وی اشتہارات کی بکنگ 10 گنا زائد قیمتوں پر

پاک بھارت ٹاکرا: ٹی وی اشتہارات کی بکنگ 10 گنا زائد قیمتوں پر

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سب سے بڑے مقابلے پاک بھارت فائنل میچ کا شائقین بے صبری سے انتظار کررہے ہیں اور ہر ایک کی نظریں اس روز ٹیلی ویژن پر لگی ہوں گی جب کہ اسی وجہ سے میچ کے دوران ٹی وی اشتہارات بھی عام قیمت کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ قیمتوں پر لیے جارہے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران کل دونوں ملکوں کے عوام ٹی وی کے سامنے بیٹھے ہوں گے جب کہ میچ دیکھنے کے ساتھ ساتھ ٹی وی پر اشتہار دیکھنا بھی عوام کی مجبوری ہوگی۔

اسی مناسبت سے بھارتی میڈیا نے موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خوب کمائی کرنے کی ٹھان لی ہے۔

بھارتی میڈیا انڈسٹری میں یہ بات دیکھنے میں آئی ہےکہ اتوار کے روز پاک بھارت فائنل میچ کے ٹی وی اشتہارات کے ریٹ عام قیمت کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ قیمت پر لیے گئے ہیں۔

کھیلوں کے بھارتی چینل اسٹار اسپورٹس کی جانب سے فائنل میچ کے دوران 30 سیکنڈ دورانیے کے اشتہارات کی قیمت ایک ملین سے بڑھا کر 10 ملین تک کردی ہے جو کہ بھارت کے ایک پروگرام کی قیمت سے کئی گنا زیادہ ہے۔

میچ کے وقفے کے دوران نیسان موٹرز، انٹیل کورپ، امارات، چائینیزموبائل، اوپو، انڈین ٹائر اور ایم آر ایف کے اشتہارات پورے ٹورنامنٹ میں چلے تھے، ان کمپنیوں نے پہلے سے ہی چینلز پر اپنا وقت مخصوص کرا رکھا تھا۔

اس حوالے سے اشتہاری صنعت سے وابستہ شخص نے بتایا کہ ٹی وی پر پہلے سے اشتہارات کی بھرمار کے باعث فائنل میچ میں صرف 10 فیصد کا دورانیہ اشتہارات کے لیے بچ رہا ہے جس میں بہت سی کمپنیاں اپنے اشتہارات چلوانے کے انتظار میں ہیں اور وہ پہلے سے بکنگ شدہ اشتہارات سے زیادہ قیمت دینے کو تیار ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فائنل میچ کو 200 ملین سے زائد لوگ ٹیلی ویژن پر دیکھیں گے اور اس روز 30 سے 40 فیصد ویور شپ بڑھنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :