دلچسپ و عجیب
19 جون ، 2017

امریکی طالبات نے بے گھر افراد کیلئے سولر ٹینٹ بنالیا

امریکی طالبات نے بے گھر افراد کیلئے سولر ٹینٹ بنالیا

دنیا کے ترقی پذیر ممالک کی طرح امریکا کو بھی بے گھر افراد کا سامنا ہے جس کی ریاست لاس اینجلس میں گھروں سے محروم افراد کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے نوجوان طالبات کے ایک گروپ نے سولر ٹینٹ ایجاد کرلیا۔

سین فرننڈو ہائی اسکول کی طالبات نے بے گھر افراد کو سہولیات سے مزین گھر کی مفت فراہمی کا بیڑا اٹھایا اور تقریبا ایک سال کی جدوجہد کے بعد سولر ٹینٹ ایجاد کرلیا۔

ٹینٹ میں بلب اور پنکھے بھی جلیں گے اور اس میں کھانا گرم کرنے کی بھی سہولت میسر ہوگی۔ ٹینٹ کی خاص بات یہ ہے کہ بجلی کے استعمال پر کوئی ماہانہ اخراجات نہیں کیوں کہ ٹینٹ میں موجود بجلی کے آلات سولر انرجی پر چلتے ہیں۔

12 طالبات پر مشتمل گروپ نے یوٹیوب اور گوگل کا سہارا لیتے ہوئے  پیرا شوٹ کے کپڑے، تھری ڈی پرنٹنگ اور کوڈنگ کا استعمال کرتے ہوئے تقریبا ایک سال میں ٹینٹ مکمل کیا جس میں لگی چھوٹی سولر پلیٹیں بجلی کی فراہمی کا کام کریں گی۔

طالبات کی کاوشوں کو دیکھتے ہوئے لیملسن ایم آئی ٹی پروگرام کی جانب سے انہیں 10 ہزار ڈالر انعام دیا گیا جب کہ طالبات کی اس ایجاد کو 16 جون کو منعقدہ یوریکا فیسٹ 2017 نمائش میں بھی پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں :