صحت و سائنس
21 جون ، 2017

تھیلی سیمیا سے متاثرہ بچوں میں عیدی اور تحائف کی تقسیم

تھیلی سیمیا سے متاثرہ بچوں میں عیدی اور تحائف کی تقسیم

المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام تھیلی سیمیا سے متاثرہ بچوں میں عیدی اور تحائف تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر محمد اجمل خان تھے۔ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر پروفیسر محمد احمد قادری بھی موجود تھے ۔

پروفیسرڈاکٹر اجمل خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھیلی سیمیا ابھی تک لا علاج مرض ہے اسکے مؤثر علاج کے لئے عالمی سطح پر ریسرچ ہورہی ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کا واحد طریقہ شادی سے پہلے لڑکے لڑکی کے ٹیسٹ ہیں جس کے لئے کراچی یونیورسٹی المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے ساتھ ملکر آگہی مہم چلائے گی اور اس سلسلے میں سیمینارز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ میں المصطفیٰ کا بے حد شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے زندگی کا ایک گھنٹہ ایسے بچوں کے ساتھ گزارنے کی سعادت عطافرمائی۔میر ی تمام تر صلاحیتیں انسانیت کی خدمت کے لئے المصطفیٰ کیلئے حاضر ہیں۔

المصطفیٰ کے چیئرمین ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کے ذریعے تھیلی سیمیا سے بچائو کی مہم انتہائی اثر انگیز ہوگی اس طرح ملک کے دیگر کالجز اور یونیورسٹیز بھی متحرک ہو جائیں گی۔اور اسکے نتائج دیر پا ہوں گے ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو اس مہلک مرض سے نجات دلانی ہے جو ابھی تک لا علاج ہے ۔

پروفیسر محمد احمد قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھیلی سیمیا سے متاثرہ بچے ہماری محبت اور شفقت کے مستحق ہیں انہیں علاج کے ساتھ ساتھ ہمارے پیار اور توجہ کی بھی ضرورت ہے المصطفیٰ ان بچوں کی جس طرح خدمت کررہی ہے ہم ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر معین خان ، احمد رضا طیب ،امین آدمجی و دیگر بھی موجود تھے اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے ۔

مزید خبریں :