کھیل
22 جون ، 2017

جیو کھیلو پاکستان میں سرفراز پر بی ایم ڈبلیو سمیت انعامات کی برسات

جیو کھیلو پاکستان میں سرفراز پر بی ایم ڈبلیو سمیت انعامات کی برسات

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے گیم شو "جیو کھیلو پاکستان" میں اچانک شرکت کر کے جہاں شائقین کو حیران کردیا وہیں انہیں بی ایم ڈبلیو کار سمیت دیگر انعامات سے بھی نوازا گیا۔

جیو کھیلو پاکستان میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جیسے ہی انٹری دی تو شائقین نے کھڑے ہوکر ان کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر شائقین کی جانب سے ان کے حق میں نعرے بھی بلند کئے گئے۔

جیو کھیلو پاکستان کی 25ویں نشریات میں شرکت کرنے والے سرفراز احمد بھی گیم شو کا حصہ بن گئے اور انہوں نے میزبان وسیم اکرم اور شعیب اختر کا میزبانی میں بھی بھرپور ساتھ دیا۔

چیمپئنز ٹرافی کے فاتح قومی ٹیم کے کپتان کو دیوان موٹرز اور جے ایس بینک کی جانب سے بی ایم ڈبلیو کار سے نوازا گیا جب کہ بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ نے ان کے لیے 250 گز کے پلاٹ کا اعلان کیا۔

جیو نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کامیابی ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں اور ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور شائقین کا بھی شکر ادا کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے والدین اور شائقین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ وہ اس مقام پر پہنچیں ہیں۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم اور شعیب اختر کو ہمیشہ گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے دیکھا لیکن یہاں گیم شو کرتے ہوئے انہیں پہلی مرتبہ دیکھا لیکن ان کے ساتھ بہت مزا آیا۔ 

خیال رہے کہ 18 جون کو قومی کرکٹ ٹیم نے لندن کے اوول گراؤنڈ میں بھارت کوعبرتناک شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی میں فتح حاصل کی تھی۔

مزید خبریں :