پاکستان
22 جون ، 2017

انتہا پسندی پھیلانے والی ویب سائٹس کیخلاف کریک ڈاؤن

انتہا پسندی پھیلانے والی ویب سائٹس کیخلاف کریک ڈاؤن

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے انتہا پسندی پھیلانے والی ویب سائٹس پر پابندی لگانے کے لئے پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے 30 ویب سائٹس اور سوشل میڈیا کی 10 آئی ڈیز کی نشاندہی کرکے ان پر پابندی کے لئے خط لکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ ویب سائٹس کالعدم تنظیموں کی جانب سے چلائی جارہی ہیں اور ان کے ذریعے دہشت گرداپنی وارداتوں کی ذمہ داری قبول کرنے کے ساتھ دہشت گردی کی واردات کی تصاویر اور وڈیڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا کی ویب سائٹ پر جعلی آئی ڈیز بنا کر بھی انتہا پسندی کو فروغ دیا جارہا ہے، اس کے علاوہ ان آئی ڈیز اور ویب سائٹس پر نفرت انگیز اور انتہا پسندی کا مواد بھی اپ لوڈ کیا جاتا ہےجس سے کمزور دماغ کے افرادپر منفی اثر پڑتا ہے۔

ان میں سے جو ویب سائٹس اور سوشل میڈیا کی آئی ڈیز پاکستان سے آپریٹ کی جارہی ہیں ان کا بھی پتا لگایا جائے گا اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پی ٹی اے کی جانب سے اب تک تقریباً 20 ویب سائٹس پر پابندی لگادی گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا کی آئی ڈیز کی بھی تفتیش کی جارہی ہے، سی ٹی ڈی کی جانب سے کیا جانے والا اقدام نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیا گیا ہے۔

 

مزید خبریں :