پاکستان
23 جون ، 2017

صدر، وزیر داخلہ اور دیگر رہنماؤں کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت

صدر، وزیر داخلہ اور دیگر رہنماؤں کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت

صدرمملکت ممنون حسین، وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور سابق صدرآصف زرداری نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے ایک بیان میں کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنی آخری سانس لے رہے ہیں اور ہم ہر صورت عوام کے جان و مال کا تحفظ کریں گے ۔

صدرمملکت نے دھماکے کے متاثرین اور زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔


وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں۔مگر وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کارروائیوں سے قوم کے عزائم متزلزل نہیں ہوں گے۔

پیپلز پارٹی کےشریک چیئرمین اور سابق صدرآصف علی زرداری نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کےورثا سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

سابق صدر نے کہا کہ ہم کو دہشت گردی کی نرسریوں کو مکمل طور تباہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معصوم اور بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والوں کو سخت سزا دی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی کوئٹہ میں شہدا چوک دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔

شہباز شریف نے یقین دلایا کہ دہشت گردوں کو اتحاد اور اتفاق کی قوت سے ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے۔

مزید خبریں :