دلچسپ و عجیب
23 جون ، 2017

مارک زکربرگ کا صومالی پناہ گزینوں کے ساتھ افطار

مارک زکربرگ کا صومالی  پناہ گزینوں کے ساتھ افطار

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کینیڈا سے متصل امریکی ریاست منی سوٹا میں صومالیہ کے مسلمان پناہ گزینوں کے ساتھ افطار میں شرکت کی۔

بانی فیس بک مارک زکربرگ نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انہیں مسلم خواتین کے ہمراہ افطار کی میز پر دیکھا جاسکتا ہے۔

مارک زکربرگ نے اپنی پوسٹ میں پناہ گزینوں کے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ پناہ گزین کی حیثیت سے آپ رہنے کے لئے کسی خاص ملک کا انتخاب نہیں کرتے۔

مارک نے لکھا کہ انہوں نے 26 سال سے پناہ گزینوں کے کیمپ میں زندگی گزارنے والے ایک شخص سے سوال کیا کہ انہیں اس عرصے کے دوران امریکا کس طرح لگا تو اس نے کہا کہ گھر وہ ہوتا ہے جہاں آپ اپنی مرضی کے مطابق جو کرنا چاہیں کریں اور ان کیمپوں کو بھی ہم نے گھر کی طرح ہی پایا ہے۔

مارک نے مزید لکھا کہ دنیا میں بہت کم مقامات ایسے ہیں جہاں کوئی شخص خود کو پرسکون محسوس کرتا ہے جن میں ایک مقام وہ ہے جہاں وہ پیدا ہوتا ہے اور دوسرا وہ جہاں اس کی آزادی کا خیال رکھا جائے۔

مارک نے اپنے میزبانوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں ان کی میزبانی کرنے پر وہ مشکور ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ میں پناہ گزین کیمپوں میں رہنے والوں کی ہمت اور اجنبی مقام پر نئی زندگی شروع کرنے والوں سے بہت متاثر ہوا۔

مارک زکربرگ کی جانب سے صومالیہ کے پناہ گزینوں کے ساتھ افطار ڈنر کی تصویر شیئر کرنے کے چند گھنٹوں کے دوران ہزاروں افراد نے اسے سراہتے ہوئے نہ صرف شیئر کیا بلکہ ہزاروں کی تعداد میں پوسٹ پر اپنے تاثرات بھی لکھے۔

مزید خبریں :