انٹرٹینمنٹ
23 جون ، 2017

چندن پر بھارکر کی’’کپل شرما شو‘‘ میں واپسی

چندن پر بھارکر کی’’کپل شرما شو‘‘ میں واپسی

کامیڈین کپل شرما اور سنیل گروور کے درمیان تنازعے کے باعث شو کو خیر باد کہنے والے چندن پر بھارکر نے ’’دی کپل شرما شو‘‘ میں واپسی کرلی ہے۔

چند ماہ قبل کامیڈین کپل شرما نے آسٹریلیا سے ممبئی واپس آتے ہوئے دوران پرواز سنیل گروور سے لڑائی کی تھی اور انہیں جوتے سے پیٹا تھا جس کے بعد سنیل گروور، چندن پر بھارکر، علی اصغر اور سگندا مشرا نے شو کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

شو کے مرکزی کرداروں کی جانب سے شو کو چھوڑنے کے بعد ’’کپل شرما شو‘‘ کی ٹی آرپی ریٹنگ بھی نیچے آگئی تھی جس پر چینل انتظامیہ نے کپل کو ریٹنگ ٹاپ 10 یا سنیل گروور اور ساتھیوں کو شو میں واپس لانے کی وارننگ جاری کی تھی۔

کپل شرما کی جانب سے مسلسل کوششوں کے باوجود سنیل گروور، علی اصغر اور سگندا مشرا نے شو میں واپسی سے انکار کردیا لیکن اب کپل کے دوست اور شو میں ’’چندو چائے والا‘‘ کا کردار کرنے والے چندن پربھارکر نے شو میں واپسی کرلی ہے۔

چندن پر بھارکر نے ’’دی کپل شرما شو‘‘ میں واپسی کرتے ہوئے شو کی شوٹنگ میں بھی حصہ لیا جس کی تصدیق خود کامیڈین نے بھی کردی ہے۔

جب کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چندن کی شو میں واپسی بھاری معاوضے پر ہوئی ہے تاہم چینل انتظامیہ یا چندن نے اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔

دوسری جانب چینل انتظامیہ نے شو کی گرتی ہوئی ٹی آر پی کے باعث کپل شرما کی بجائے سنیل گروور کے ساتھ نیا شو لانے کی منصوبہ بندی کر کھی ہے اور ایسے میں چندن پر بھارکر کی شو میں واپسی کو کپل کے لیے ہوا کا خوشگوار جھونکا کہا جارہا ہے لیکن اب دیکھنا ہوگا چندن کی واپسی شو کی ریٹنگ بڑھانے میں سود مند ثابت ہوتی ہے یا پھر ٹی آر پی تنزلی کا شکار ہوتی رہے گی۔ 

مزید خبریں :