پاکستان
23 جون ، 2017

پارا چنار: 2بم دھماکے، شہید افراد کی تعداد 34 ہوگئی

پارا چنار: 2بم دھماکے، شہید افراد کی تعداد 34 ہوگئی

پارا چنار کے طوری بازار میں 2بم دھماکوں میں شہید افراد کی تعداد 34 ہوگئی، واقعے میں 100سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیٹکل انتظامیہ نے 34افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد میں سے 2کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

پولیٹکل حکام نے بم دھماکوں اور ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لوگ عید اور افطار کی خریداری میں مصروف تھے کہ پہلا دھماکا ہوا، جس کے بعد لوگوں کو ریسکیو کیا جارہا تھا کہ دوسرا دھماکا ہوگیا۔

پہلے دھماکے کی آواز 10سے 15کلو میٹر دور تک سنائی دی جبکہ دوسرے کی آواز تھوڑی کم تھی۔

طوری بازار میں بم دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی امدادی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ زخمیوں اور لاشوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔

پارا چنار سے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری کا کہنا ہے کہ پہلے کم شدت کا دھماکا ہوا، لوگ جمع ہوگئے تو دوسرا دھماکا ہوگیا، جہاں دھماکا ہوا وہ بہت رش والا علاقہ ہے۔

انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ یہ دہشت گرد کارروائی خودکش حملہ ہوسکتا ہے، میرا خیال ہے کہ زخمیوں کی تعداد سیکڑوں میں ہوگی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پارا چنار سے پشاور منتقل کیا گیا ہے۔

ادھر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پارا چنار اور کوئٹہ دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔

مزید خبریں :