پاکستان
23 جون ، 2017

کراچی میں جمعۃ الوداع پر یوم القدس کی مناسبت سے ریلیاں

کراچی میں جمعۃ الوداع پر یوم القدس کی مناسبت سے ریلیاں

کراچی میں یوم القدس کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں، مقررین نے اپنے خطاب میں شیعہ سنی اتحاد پر زور دیتے ہوئے فلسطین کی آزادی کے لیے مشترکہ جدوجہد کا مطالبہ کیا۔

کراچی میں یوم القدس کے موقع پر فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں، پہلی ریلی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام نمائش سے تبت سینٹر تک نکالی گئی۔

شرکاء طاغوتی قوتوں کے پرچم کو روندتے اور نذرآتش کرتے ہوئے روایتی راستوں پر گامزن رہے،تبت سینٹر پر خطاب میں مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مسلمان اپنے اتحاد سے سازشوں کو ناکام بنائیں گے، جماعت اسلامی کے اسداللہ بھٹو بولے فلسطین کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

شیعہ علماء کونسل پاکستان سندھ کے تحت مرکزی یوم القدس ریلی ریگل چوک سے شروع ہو کر کراچی پریس کلب پر ختم ہوئی۔ ریلی میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں سب کو آواز بلند کرنا چاہیے۔

دونوں ریلیوں کی سیکورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور ریلی کے راستوں کو رکاوٹیں لگاکر بند کردیا گیا۔

مزید خبریں :