خصوصی رپورٹس
24 جون ، 2017

کیا سلمان خان کی ”ٹیوب لائٹ“ فلاپ ہوگئی؟

کیا سلمان خان کی ”ٹیوب لائٹ“ فلاپ ہوگئی؟

سلمان کی فلم، وہ بھی عید پر ریلیز ہونے والی اور اوپننگ صرف21کروڑ؟ کہیں یہ ٹیوب لائٹ روشن ہونے سے پہلے ہی فیوز ہوگئی؟ کیا باہو بلی کے شہزادے اور دنگل کے پہلوان عامر خان نے باکس آفس کے کروڑوں کے سلطان کا بُت توڑ دیا؟کیا سلمان کے فین کا کریز کم ہوگیا؟کیا ایک بار پھر سہیل خان کا ساتھ سلمان خان کیلئے بد قسمت رہا؟ کیا ٹیوب لائٹ نے سلمان کیلئے کیریئر پر وہی داغ لگایا ہے جو عامر کیلئے فلم تلاش اور شاہ رخ کیلئے فلم فین نے لگائے؟ کیا اب سلمان کا کیریئر بھی شاہ رخ خان کے کیریئر کی طرح نیچے جائے گا؟ سلمان کی فلم ”ٹیوب لائٹ“ کی ٹھنڈی اوپننگ کی وجہ سے یہ سب سوالات اٹھ گئے ہیں۔

جی ہاں 20کروڑ کی اوپننگ سلمان کی کسی بھی فلم کیلئے کم بلکہ بہت کم اور ٹھنڈی کہلائے گی۔ 2014کی عید پر سلمان کی ریلیز ہونے والی فلم” کِک “ نے بھی 25کروڑ کمائے تھے ۔ باقی پریم رتن دھن پایو،بجرنگی بھائی جان اورسلطان سب نے پہلے ہی دن 30سے40کروڑ کمائے تھے۔

ٹیوب لائٹ کی اوپننگ سے سب حیران ہوئے ہیں لیکن پریشان نہیں۔ ایک تو ٹیوب لائٹ سلمان کی مصالحہ ایکشن انٹرٹیننگ میوزیکل فلموں سے بالکل الگ ہے۔ بجرنگی بھائی جان اور سلطان دونوں کے ٹریلر میں بھی ایکشن تھا اور فلم کی ریلیز سے پہلے سلمان کے فینز کیلئے ڈانس والا سلمان نمبر بھی تھا۔ ایک میں ”سیلفی“ دوسرے میں”بے بی کو بیس پسند ہے“۔

دوسرا چھوٹے بھائی سہیل خان کے ساتھ سلمان کی کئی فلمیں ناکام ہوئیں جن میں ویر، گاڈ تسی گریٹ ہو، سلام عشق، ہیروز اور میں اور مسز کھنہ شامل ہیں لیکن سلمان اور سہیل ہی کی ”میں نے پیار کیوں کیا“سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی ۔

ٹیوب لائٹ اگر ناکام بھی ہوئی تو کم سے کم 200 کروڑ کمائے گی۔ جی ہاں سلمان کی فلم اگر عید پر صرف دو سو کروڑ کا بزنس کرے گی تو وہ سلمان کی ناکامی ہی کہلائے گی لیکن یہ بات طے ہے کہ یہ فلم سو کروڑ سے پہلے ”رَن آوٴٹ “ نہیں ہوگی تو جیسا تلاش نے عامر خان اور فین نے شاہ رخ خان کی مسلسل 100کروڑ کی فلموں پر بریک لگایا ایسا ٹیوب لائٹ میں ہونا ناممکن ہے۔

باہو بلی کسی ہیرو نہیں بلکہ برانڈ کا نام تھا اس کا مقابلہ سلمان کی ایک تھا ٹائیگر کے سیکوئل سے ہوگا جو دسمبر میں ریلیز ہوگی۔ وہاں اگر سلمان باہو بلی کے ہندی ورژن کو بالی وڈ والے علاقوں میں نہیں ہراسکی تو وہ سلمان خان کی باکس آفس پر شکست کہلائے گی۔

سلمان خان کی ٹیوب لائٹ باکس آفس پر روشن ہو یا نہیں،باکس آفس کا سلطان سلمان ہی رہے گا۔ ابھی سلمان کے کیریئر میں وہ زوال نہیں آسکتا جو کنگ خان کے کیریئر میں آچکا ہے ۔

سلمان کی ٹیوب لائٹ کی ٹھنڈی اوپننگ کی ایک سب سے بڑی وجہ بھارت میں رمضان کے وہ دن اور رات ہیں جب کروڑوں مسلمان ہی نہیں کروڑوں دوسرے مذاہب کے لوگ بھی سنیما سے دور رہتے ہیں لیکن عید آتے ہی سینما گھروں پر یلغار کرتے ہیں۔ ابھی اتوار کی چھٹی اور پھر عید کی چھٹیاں آرہی ہے ٹیوب لائٹ کا مستقبل اس وقت طے ہو گا جب اس کے پورے ہفتے کے کمائی سامنے آئے گی۔

تو سلمان اور ان کے فینز کو ابھی گھبرانا  نہیں چاہیے کیونکہ ویسے بھی فلم کا نام ٹیوب لائٹ ہے جو روشن ہونے میں تھوڑا دیر لگاتی ہے لیکن روشن ہونے کے بعد دیر تک اپنی روشنی پھیلاتی ہے ۔

مزید خبریں :