خصوصی رپورٹس
24 جون ، 2017

عید الفطر پر نوجوانوں کے منفرد ہیئر اسٹائل

عید الفطر پر نوجوانوں کے منفرد ہیئر اسٹائل

عید سمیت خاص مواقع پر خواتین اپنے بننے سنورنے کا اہتمام تو کرتی ہیں لیکن اب مردوں میں بھی کسی بھی تقریب اور تہوار کے موقع پر خوب سجنے سنورنے اور منفرد لگنے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔

نوجوان لڑکوں میں جہاں عید کے تہوار پر دیدہ زیب ڈیزائن کے ملبوسات کی خریداری کا رجحان پایا جاتا ہے تو وہیں اب بننے سنورنے کے لیے بالوں کو مختلف انداز میں بنوانے کا سلسلہ بھی زور پکڑ چکا ہے۔

عید کے موقع پر ہیئر ڈریسر اور سیلونز میں نوجوانوں کا بے انتہا رش ہوتا ہے جو کہ اپنے من پسند ہیئر اسٹائل بنوانے کے لیے گھنٹوں انتظار کرتے ہیں جب کہ رواں سال عید پر بھی نوجوانوں میں بالوں کے مختلف انداز مقبول ہیں۔

اسپائک:

اسپائک کٹنگ بچوں سے لے کر نوجوانوں تک بے حد مقبول ہے اور تقریباً 12 سال کے نوعمر سے لے کر  35 سال تک کی عمر کے افراد اس منفرد اسٹائل کو ترجیح دے رہے ہیں۔

بالوں کا یہ منفرد انداز عید کے علاوہ بھی دیگر تقریبات کے لیے بنوایا جاتا ہے جب کہ اس منفرد انداز میں بالوں کو کھڑا کیا جاتا ہے جس سے شخصیت بھی کچھ اسٹائلش نظر آتی ہے۔

ہیئر ڈریسرز کا کہنا ہےکہ اس انداز کو زیادہ تر گھنگھریالے بالوں والے افراد ترجیح دیتے ہیں کیونکہ سیدھے بالوں والوں کے مقابلے میں ان کے بال ہر طرح کے انداز کے نہیں بن سکتے۔

ون سائڈ پف:

نوجوانوں میں بالوں کا ایک اور انداز ون سائڈ پف ایک دلکش انداز ہے جب کہ اس انداز کو اپنانے والوں میں 15 سے 22 سال تک کی عمر کے نوجوان شامل ہیں۔

اس اسٹائل میں سر کے سائیڈ کے بالوں کو کاٹ دیا جاتا ہے اور باقی سر کے اوپری حصے کے بال بڑے رکھے جاتے ہیں جب کہ کئی نامور فٹ بالر یہ منفرد اسٹائل اپنا کر بھی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔

ہیئر ڈریسرز کے مطابق اس ہیئر کٹ کو اپنانے کی وجہ بھی شاید نامی گرامی شخصیات کا اس ہیئر اسٹائل میں نظر آنا ہے۔

ایمو اسٹائل:

یہ عید کے موقع پر سب سے زیادہ منفرد اور فیشن سے وابستہ اسٹائل ہے اور گلیمر کو پسند کرنے والے نوجوان اسے ترجیح دے رہے ہیں۔

اس اسٹائل میں لمبے بالوں کو کاٹنے کے بجائے ہر طرف سے سیدھا کیا جاتا ہے جب کہ سر کے اوپری حصے کے بالوں کو اسی حالت میں چھوڑا جاتا ہے۔

اس اسٹائل میں بالوں کو کئی طرح سے بنایا جاسکتا ہے جس کے باعث نوجوان اپنی مرضی سے یا پھر اپنی شخصیت کے مطابق بالوں کو بنواتے ہیں۔

ڈیپر کٹ:

یہ بالوں کا اسٹائل بھی نوجوانوں میں مقبول ہے، اس انداز میں سر سائیڈ سے بالکل گنجا کردیا جاتا ہے اور اوپری حصے کے بالوں کو اسی انداز میں چھوڑ دیا جاتا ہے۔

ڈیپر کٹ میں سر کے اوپری حصے کے بالوں کو گھنے انداز میں کھڑا کرکے بنایا جاتا ہے اور اس اسٹائل میں شخصیت بالکل منفرد نظر آتی ہے جب کہ اس انداز کو گلیمر سے تعلق رکھنے والے سنجیدہ افراد ہی ترجیح دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیپر اسٹائل کے ساتھ بڑی داڑھی کا اسٹائل بھی عروج پر ہے۔

لانگ اسپائک:

یہ عید کے موقع پر ایک اور سب سے زیادہ اپنایا جانے والا بالوں کا انداز ہے اور اس انداز کو ترجیح دینے والوں میں نوعمر لڑکوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

لمبے بال رکھنے اور اسٹائل کے شوقین لڑکے اس ہیئر کٹ میں خود کو زیادہ اچھا محسوس کرتے ہیں کیوں اس میں بالوں کو سائیڈ سے ہلکی کٹنگ کرکے سر کے اوپری بالوں کے حصے کو معمولی انداز میں سیٹ کیا جاتا ہے جس سے ان کے لمبے بال رکھنے اور فیشن دونوں دلی مرادیں پوری ہوجاتی ہیں۔

سادہ انداز:

سنجیدہ اور پیشہ ور افراد سادہ قسم کے بالوں کو ترجیح دیتے ہیں جب کہ زیادہ تر افراد اسی انداز کو اپناتے ہیں جس میں بالوں میں کوئی اسٹائل بنائے بغیر ہلکی سے نوکیں کاٹی جاتی ہیں۔

اس اسٹائل میں چہرے کی مناسبت سے بالوں کو کاٹا جاتا ہے جس سے شخصیت کو چار چاند لگائے جاسکتے ہیں جب کہ اس انداز کو ہر عمر کے افراد اپناتے ہیں۔

اس انداز میں زیادہ تر سائیڈ پف یعنی سائیڈ کی مانگ ہوتی ہے جو بائیں یا دائیں کسی بھی طرف سے نکالی جاسکتی ہے۔

بچوں کے ہیئر اسٹائل:

بڑوں کے ساتھ ساتھ اب بچوں کے بھی بالوں کے نئے اسٹائل آچکے ہیں بلکہ یہ کہا جائے کہ بڑوں کے انداز بچوں نے بھی اپنا لیے ہیں بے جا نہ ہوگا۔

بچوں میں سب سے زیادہ مقبول فوجی کٹ اسٹائل ہے جسے 2 سال سے لے کر 10 سال تک کی عمر کے بچے اپناتے ہیں جب کہ یہ انداز معصوم بچوں پر ہر حوالے سے جچتا ہے۔

والدین بھی بچوں کے بال کٹوانے میں اسی اسٹائل کو ترجیح دیتے ہیں اور اس کٹ میں بالوں کو بالکل چھوٹا کردیا جاتا ہے کیونکہ والدین چاہتے ہیں کہ ان کےبچے کے بال دیر سے بڑھیں۔

 


فاروق عبداللہ جیو نیوز میں بطور ایسوسی ایٹ پروڈیوسر کام کرتے ہیں۔

مزید خبریں :