پاکستان
26 جون ، 2017

عید الفطر مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی جارہی ہے

آج ملک بھر میں عید الفطر مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی جا رہی ہے۔

عید الفطر کے موقع پر شہر شہر نماز عید کے چھوٹے بڑے سیکڑوں اجتماعات ہوئے جن میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سانحہ احمد پور شرقیہ، پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی میں جاں بحق افراد کے لیے دعائیں کی گئیں۔

نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات دیکھنے میں آئے جہاں پولیس کے ساتھ رینجرز کے اہلکاروں نے بھی فرائض انجام دیئے۔

نماز عید کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔

عید کے بعد بڑوں کی جانب سے جہاں ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہیں وہیں بچوں کی عیدی مہم بھی شروع ہوگئی ہے۔

عید کامزہ دوبالا کرنے کے لیے خواتین کی جانب سے بھی گھروں میں مزے مزے کے پکوانوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

جب کہ بچوں کی تفریح کے لیے مختلف شہروں میں میلے بھی لگائے گئے ہیں جب کہ جھولوں اور دیگر تفریحی سامان کے ساتھ کھانے پینے کی اشیا کا بندوبست بھی کیا گیاہے۔

دوسری جانب احمد پور شرقیہ، پاراچنار، کوئٹہ اور کراچی میں سانحات کے باعث حکومت اور پاک فوج نے عیدسادگی سے منانے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ممنون حسین نے نماز عیدالفطر فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جب کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، سینیٹر رحمان ملک کے علاوہ دیگر اعلیٰ سیاسی اور سفارتی شخصیات نے ان کے ہمراہ نماز عید ادا کی ۔

صدر ممنون حسین نے عید سادگی سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے ایوان صدر میں ہونے والی عید ملن پارٹی منسوخ کردی۔

جب کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی عید سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ غم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے فوج عید سادگی سے منائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج دکھ کی اس گھڑی میں قوم کے کاندھے سے کاندھا ملاکر کھڑی ہے۔

بہاول پور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے بچوں نے چاند رات کو میوزیکل نائٹ منسوخ کردی اور احمد پور شرقیہ سانحہ کے متاثرہ افراد کی یاد میں دیے جلائے اور ان کے لیے دعا کی۔

مزید خبریں :