پاکستان
26 جون ، 2017

سربراہ پاک بحریہ اور فضائیہ نے عید کا دن جوانوں کے ساتھ گزارا

سربراہ پاک بحریہ اور فضائیہ نے عید کا دن جوانوں کے ساتھ گزارا

پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان نے عید کا دن جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں اور آپریشنل بیسز میں گزارا۔

ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اور ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے، دفاع وطن سے غافل نہیں کسی بھی جارحیت پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف ایڈمرل ذکاءاللہ نے عید کی نماز 31میرین بٹالین ہیڈکوارٹرسجاول میں افسروں اور جوانوں کے ساتھ ادا کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

امیر البحر نے بھارتی حدود کے قریب ساحلی سرحد پر موجود غنی پوسٹ کا دورہ بھی کیا، انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوان ہر قسم کے حالات میں ملکی دفاع کی خاطر ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے عید کا دن پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر افسران اور جوانوں کے ساتھ گزارا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف ڈیوٹی پر موجود پائلٹس، ائیرمن، ٹیکنیشنز اور سویلینز سے ملے اور انکے جذبے اور پیشہ ورانہ مہار ت کو سراہا۔

جوانوں سے گفتگو میں ائیرچیف نے کہا کہ ہماری بہادرا فواج نے قوم کے ساتھ مل کر بڑی قربانیاں دے کر امن قائم کیا ہے اور ہم دشمنوں کو کسی صورت میں اسے خراب نہیں کرنے دیں گے۔

انہو ں نے کہاکہ ہمسایہ ممالک کو پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے کی بجائے اپنے ممالک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنا چاہیے۔

ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ہر صورت میں دشمن کی جانب سے کی جانے والی فضائی جارحیت کا مؤثر جواب دیتی رہے گی، ہم بحیثیت قوم امن پسند لوگ ہیں لیکن کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں دشمن کو بھر پور اندازمیں جواب دیا جائیگا۔

مزید خبریں :