پاکستان
27 جون ، 2017

سانحہ احمد پور شرقیہ ،جاں بحق افراد کی تعداد 158ہوگئی

سانحہ احمد پور شرقیہ ،جاں بحق افراد کی تعداد 158ہوگئی

بہاولپور میں پیش آنے والے سانحہ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 158ہوگئی۔

ناقابل شناخت 125افراد کی میتوں کی اجتماعی نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی ،اجتماعی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

قابل شناخت 28 افراد کی لاشیں تدفین کے لیے ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔

بہاول وکٹوریہ اسپتال میں موجود ناقابل شناخت 125 میتوں کو ٹرکوں اور ایمبولینسوں کے ذریعے بستی رمضان جوئیہ لایا گیا، جہاں اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد تمام میتوں کو بستی نظیر آباد کے قبرستان لایا گیا اور لحد میں اتاردیا گیا،اس موقع پر ہر آنکھ نم اور اشکبار تھی۔

ناقابل شناخت میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے، جس کے تحت ہر تابوت پر ڈی این اے ٹیسٹ نمونے کے مطابق نمبرز لگائے اور انہی نمبروں کے تحت قبریں بنائی گئیں تاکہ رپورٹ آنے کے بعد ان نمبروں سے لواحقین اپنے پیاروں کی میتوں کو شناخت کرسکیں۔

شناخت ہونے والے 28افراد کی میتیں پہلے ہی ان کے لواحقین کے حوالے کی جاچکی ہیں جن کی تدفین بھی کردی گئی ہے۔

ادھر مقدمے میں نامزد دھماکے سے پھٹنے والے آئل ٹینکر کے ڈرائیور گل محمد نے خودکو پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور گل محمد بھی زخمی ہے اور ملتان کے برن یونٹ میں زیر علاج ہے۔

دوسری جانب ملتان کے نشتر اسپتال برن یونٹ میں سانحہ احمد پور شرقیہ کےزخمیوں میں امدادی رقم کے چیک تقسیم کیے گئے۔

ڈاکٹر ناہید کے مطابق جاں بحق افراد کےلواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 10 لاکھ روپےکےچیک دیے گئے۔

مزید خبریں :