کھیل
28 جون ، 2017

گنگولی بھی کوہلی اور کمبلے کے تنازع پر بول پڑے

گنگولی بھی کوہلی اور کمبلے کے تنازع پر بول پڑے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی بھی ویرات کوہلی اور انیل کمبلے کے درمیان جاری چپقلش پر بول پڑے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور کوچ انیل کمبلے کے درمیان چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہی چپقلش شروع ہوگئی تھی تاہم بھارتی بورڈ کی جانب سے ہر طرح سے اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تاہم اب گنگولی بھی اس پر بول پڑے ہیں۔

سارو گنگولی نے اعتراف کیا ہے کہ کپتان ویرات کوہلی اور کوچ انیل کمبلے کے درمیان کافی عرصے سے ذاتی چپقلش چلی آرہی ہے جسے درست انداز میں حل کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔

سارو گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ کی 3 رکنی ایڈوائزری کمیٹی کا حصہ ہیں جن کا کہنا تھا کہ چاہے کوئی بھی غلطی پر ہو لیکن کوہلی اور کمبلے کے درمیان جاری ذاتی تنازع کو فوری طور پر اور اچھے انداز میں حل ہونا چاہیئے۔

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد ہی بھارتی کوچ انیل کمبلے نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سابق ڈائریکٹر روی شاستری نے اس عہدے کے لئے اپلائی کیا تھا۔

اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے لئے انیل کمبلے اور روی شاستری کے درمیان ہی کڑا مقابلہ تھا لیکن ایڈوائزی کمیٹی نے انیل کمبلے پر اعتماد کا اظہار کیا تھا جب کہ ایڈوائزری کمیٹی میں سارو گنگولی، سچن ٹنڈولکر اور وی وی ایس لکشمن  شامل تھے۔

کوچ کے لئے انیل کمبلے کے انتخاب کے بعد روی شاستری نے سارو گنگولی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں مسترد کئے جانے کے پس پردہ ایڈوائزری کمیٹی میں موجود ٹیم کے سابق کپتان بڑی وجہ تھے جنہوں نے انیل کمبلے کے انتخاب کے لئے کمیٹی کے دیگر ارکان پر دباؤ ڈالا۔

مزید خبریں :