پاکستان
29 جون ، 2017

مون سون بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی

مون سون بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی

ملک میں حالیہ مون سون بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ گئیں جس کے باعث لوگ محصور ہوگئے۔ مختلف حادثات میں 5 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارشوں نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے۔ چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہلکی اور موسلادھار بارشیں جاری ہیں۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔

شور کوٹ میں چھپڑ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے، فیصل آباد میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

جھنگ میں کوٹلی باقر شاہ میں تالاب میں جمع بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے 5بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔ بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان تھیں۔

باجوڑ ایجنسی کے چہارمنگ میں ایک بچہ سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہوگیا، کوہاٹ میں طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالے بپھر گئے ہیں۔

مشرقی بلوچستان کے بالائی علاقوں ژوب، کوہلو، خضدار اور حب میں شدید بارشیں جاری ہیں۔ پہاڑی علاقوں سے آنے والے ریلے حب ڈیم میں داخل ہورہے ہیں۔

ژوب میں آسمانی بجلی گرنے سے 80 سے زائد دنبے ہلاک ہوگئے۔ کوہلو میں کئی گھر سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔ خضدار میں سندھ بلوچستان کے مقام ونگو میں پکنک منانے والے اور شاہ نورانی جانے والے زائرین کے قافلے ندیوں اور نالوں میں طغیانی کے باعث پھنس گئے جبکہ حب ڈیم کے گردونواح میں بجلی کے آٹھ کھمبے زمین بوس ہوگئے۔

بارش کے بعد راجن پور کی برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ درہ کاہا سلطان میں 12 ہزار کیوسک اور رود کوہی نالہ چھاچھر میں 5ہزار کیوسک کا سیلابی پانی گزرہا ہے۔

مزید خبریں :