دلچسپ و عجیب
29 جون ، 2017

2070 تک انسان کی عمر کی حد 125 سال تک بڑھ جائے گی، جرمن ماہرین کا دعویٰ

2070 تک انسان کی عمر کی حد 125 سال تک بڑھ جائے گی، جرمن ماہرین کا دعویٰ

سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آنے والے سالوں میں انسان کی عمر  کی حد 125 سال تک بڑھ جائے گی یعنی وہ اتنے عرصے کی زندگی پاسکیں گے۔

گزشتہ صدی میں کوئی بھی شخص 122 سال سے زائد کی عمر نہیں پاسکا تاہم فرانسیسی خاتون جینی کالمیٹ کو 122 سال تک زندگی پانے کا اعزاز حاصل تھا جو 1997 میں انتقال کرگئی تھیں تاہم اب جرمن ریسرچر نے دعویٰ کیا ہے کہ 2070 تک انسان کی سب سے زیادہ جینے کی عمر 125 سال تک پہنچ جائے گی۔

ہالینڈ کی یونیورسٹی آف گروینجن کے ماہرین نے اپنی تحقیق میں یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ 125سال تک زندہ رہنے والی پہلی خاتون کا تعلق جاپان سے ہوگا کیوں کہ پوری دنیا کے مقابلے میں جاپان کے لوگ سب سے زیادہ زندہ رہتے ہیں۔

ماہرین نے اتنی لمبی زندگی پانے کی وجہ ان کی خوراک میں شامل اجزا کو قرار دیا ہے اور خاص طور پر مچھلی سے بنی خوراک کو بنیادی جز قرار دیا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف گروینجن کے ماہرین کے مطابق دنیا میں 100 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور صرف برطانیہ میں 100 سال تک زندہ رہنے والوں کی 2015 میں تعداد 14,500 ریکارڈ کی گئی جو بڑھ کر اس صدی کے آخر تک ڈیڑھ ملین ہوجائے گی۔

دوسری جانب امریکی ریسرچر نے اس تصور کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کی زیادہ سے زیادہ عمر 115 سال ہوگی تاہم یونیورسٹی آف گروینجن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ 2070 تک 20 ہزار افراد میں سے ایک شخص 125 سال کی عمر تک پہنچ پائے گا۔

یونیورسٹی آف گروینجن کی پروفیسر فینی جینسن کا کہنا ہے کہ 100 سال سے زائد زندہ رہنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کی ایک وجہ انسانی طرز زندگی میں تبدیلی کا آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان کو اعلیٰ طبی سہولیات کی فراہمی، خالص خوراک، طرز زندگی میں بہتری اور دیگر عوامل کی وجہ سے لوگ 100 سال سے زائد زندگی پا سکیں گے۔

پروفیسر فینی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ 125 سال تک زندہ رہنے والی خواتین ہی ہوں گی کیونکہ خواتین میں مردوں کے مقابلے میں زندگی کو کم خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

نیویاک کی ایلبرٹ آئنسٹائن کالج آف میڈسن کے ماہرین کی ٹیم نے 41 مختلف ممالک کے لوگوں کی عمر کا ڈیٹا جمع کیا اور خاص طور پر برطانیہ کے شہریوں کا 1968 سے 2006 تک ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا جس کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک مخصوص حد تک انسان زندہ رہنے کے بعد مر جاتا ہے کیوں کہ اس حد تک پہنچنے کے بعد انسان کے خلیات مر جاتے ہیں اور وہ زندہ نہیں رہ پاتا۔

مزید خبریں :