پاکستان
05 جولائی ، 2017

مریم نواز آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی

مریم نواز آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی

وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز آج جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گی،جے آئی ٹی نے چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری کو بھی آج طلب کرلیا۔

مریم نواز کہتی ہیں کہ وزیر اعظم نواز شریف نے 30سال سے زیادہ کے سیاسی کیرئیر میں آزمائشوں کا سامنا کیا۔

اپنے ٹوئٹ پیغام میں مریم نواز مزید کہتی ہیں کہ اپنے والد کی آنکھوں میں بیٹی کی پیشی کے موقع پر تشویش اور خدشات دیکھے، والد کو بتایا کہ آپ نے تربیت دی، جھکوں گی نہ کسی دباؤ میں آؤں گی، مجھے کوئی چیز نہیں ڈرا سکتی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ والد سے کہا ہے کہ مجھے ظلم و ناانصافی سے لڑنے سے کوئی چیز نہیں روک سکتی، جے آئی ٹی کے سامنے ضرور پیش ہوں گی۔

مریم نواز یہ بھی کہتی ہیں کہ والد سے کہا کہ آپ کی تربیت کے مطابق قانون کی عملداری کی پاسداری کروں گی۔

وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی آج فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے موقع پر ایس پی اسپیشل برانچ ارسلہ سلیم تعینات ہوں گی۔

مریم نواز کی پیشی کے موقع پرفیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے۔

جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر وزیراعظم کی صاحبزادی سے مختلف سوالات پوچھے جاسکتےہیں۔

سب سے بڑے کیس میں مریم نواز مشترکہ تحقیقاٹی ٹیم کے سامنےپیش ہونے جارہی ہیں، جس کی تاریخ5 جولائی اور وقت صبح 11بجے کا ہے۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی جے آئی ٹی کے سوالوں کےجواب دیں گی۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے مریم نواز سے دو آف شور کمپنیوں نیلسن اینڈ نیسکول کی ملکیت کے بارے میں سوالات کیےجانے کاامکان ہے۔

مریم نواز شریف بینک اکاؤنٹس اور اثاثوں کی تفصیلات کےعلاوہ نیلسن و نیسکول کمپنیوں کی ٹرسٹی ہونے سے متعلق دستاویزات بھی ہمراہ لے کرجائیں گی۔

مریم نواز سے بیرون ممالک اثاثوں کی تفصیلات اور ان کی سرمایہ کاری کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کا امکان ہے۔

مریم نواز کی پیشی کے بعد وزیراعظم نواز شریف کے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے والے افراد کی کل تعداد 6ہو جائے گی۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کے ساتھ بڑی تعداد میں لیگی کارکنوں کی آمد کا بھی امکان ہے۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے دوسری اہم پیشی چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قمر زمان چوہدری سے حدیبیہ پیپرملز کیس کے خلاف اعلیٰ عدلیہ میں اپیل نہ کرنے کی وجوہات سے متعلق سوالات کیےجاسکتےہیں۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے پاس کام کےلیے صرف 4دن باقی بچے ہیں، ان 4دنوں میں ٹیم کے ارکان نہ صر ف اپنی تفتیش مکمل کریں گے بلکہ 10جولائی کو سپریم کورٹ میں جمع کرائی جانے والی رپورٹ کو بھی حتمی شکل دیں گے۔

مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے،اس موقع پر 25 سو سے زائد سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

پولیس کے مطابق مریم نوازکی پیشی کے موقع پر آج فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف کی سڑکیں بند ہوں گی۔

جوڈیشل اکیڈمی کے سامنے والا پارک بھی خالی کرالیا گیا ہے، مریم نواز کی پیشی کے موقع پر 4ایس پی، 11ڈی ایس پی اور 33انسپکٹر بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

پولیس، رینجرز اور ایف سی کی تمام نفری کو صبح 6 بجےڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے حق میں اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر پوسٹرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔

مریم نواز کی تصویر والے پوسٹرز فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ارد گرد شاہراہوں پر لگائے گئے ہیں، جن پر لکھا ہے کہ ’’قوم کی بیٹی مریم نواز شریف، میری آواز مریم نواز، مریم نواز‘‘۔

پوسٹرز پر وزیر اعظم نواز شریف، شہباز شریف، گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا،وزیر داخلہ چوہدری نثار اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی تصاویر بھی موجود ہیں۔

یہ پوسٹرز مسلم لیگ ن یوتھ ونگ اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے لگائے گئے ہیں۔

مزید خبریں :