کاروبار
05 جولائی ، 2017

ڈالر کی قدر میں اضافہ ، اسحاق ڈار کا اظہار تشویش

ڈالر کی قدر میں اضافہ ، اسحاق ڈار کا اظہار تشویش

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈالر کی قدرمیں اضافے پر تشویش کا اظہار کیااور کہا ہے کہ روپے کی قدر میں مصنوعی کمی میں ملوث عناصر کا کھوج لگاکر ان کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔

اسحاق ڈار نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال سے فائدہ اٹھاکر ڈالر کی ویلیو میں عارضی اضافہ کرنے والوں کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے۔

انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 3روپے 60پیسے اضافے پر وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ڈالرکی قدر میں مصنوعی اضافےسے ملکی زرمبادلہ اورمعیشت پرمنفی اثر پڑتاہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روپے کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں کمی کرنے والے بینکوں اور دیگر عناصر کا فوری کھوج لگایا جائے اور ان کےخلاف تادیبی کاروائی کی جائے۔

اجلاس میں کہا گیا ڈالرکی قیمت میں اضافے سے ملکی زرمبادلے کے ذخائر پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ کسی کو بھی موجودہ سیاسی صورت حال کے تناظرمیں قومی مفادات کیخلاف اقدامات کی اجازت نہیں دیں گے۔

مزید خبریں :