انٹرٹینمنٹ
10 جولائی ، 2017

رنبیر معمولی نمبروں سے میٹرک کرنے کے باجود خاندان کے قابل ترین فرد

رنبیر معمولی نمبروں سے میٹرک کرنے کے باجود خاندان کے قابل ترین فرد

بالی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے میٹرک میں معمولی نمبر ہونے کے باوجود تعلیمی میدان میں خود کو خاندان کا قابل ترین فرد قرار دیدیا۔

بھارتی سنیما کی بڑھوتری میں کپور خاندان کا بڑا اہم کردار ہے اور طویل عرصے اس خاندان نے فلم نگری پر راج کیا ہے جب کہ فلم نگری میں پرتھوی راج کپور، راج کپور اور رشی کپور سمیت کئی بڑے نام شامل ہیں۔

کپور خاندان کی تیسری نسل بھی بالی وڈ میں جلوے بکھیر رہی ہے جس میں کرشمہ کپور، کرینہ کپور، سونم کپور اور رنبیر کپور سمیت دیگر شامل ہیں لیکن یہی فلم نگری میں بے شمار کامیابیاں سمیٹنے والا خاندان پڑھائی میں سب سے پیچھے ہے۔

بالی وڈ اسٹار رنبیر کپور نے فلم ’’جگا جاسوس‘‘ کی تشہیری مہم کی تقریب کے دوران کپور خاندان کی تعلیمی قابلیت کا پول کھول دیا ہے۔

اپنے اسکول کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسکول کے زمانے میں پڑھائی میں کمزور تھا اور اسی لیے والدہ نیتو کپور والد کو شکایت کرنے کی دھمکیاں دیتی رہتی تھیں۔

رنبیر  نے کہا میری والدہ ہمیشہ کہتی تھیں کہ رزلٹ والے دن اسکول آؤں گی اور اگر رپورٹ کارڈ پر سرخ نشان دیکھا تو والد سے شکایت کروں گی جس پر میں روتا تھا کیوں کہ والد سے بہت ڈرتا تھا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے خاندان میں پڑھائی میں قابل ہونے پر فخر ہے کیوں کہ تعلیمی میدان میں میرے خاندان کی تاریخ زیادہ اچھی نہیں ہے۔

جب کہ میرے والد آٹھویں، چچا نویں اور دادا چھٹی جماعت فیل تھے لہٰذا میں اپنے خاندان میں سب سے زیادہ قابل ہوں کیوں کہ میں نے میٹرک میں 56 فیصد نمبر حاصل کیے اور یہی نہیں بلکہ میری بہترین 5 اوسط نمبروں میں سے سب سے بہترین 60 فیصد نمبر تھے۔  

کپور خاندان کے چشم و چراغ نے ایک اور اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں پڑھائی میں تیز نہیں تھا بلکہ معمولی سا تھا اور فٹبال کا شوق بھی اسی دوران ہوا۔

مزید خبریں :