پاکستان
11 جولائی ، 2017

بوغرا روڈ خودکش حملے میں شہید ڈی پی او چمن سپرد خاک

بوغرا روڈ خودکش حملے میں شہید ڈی پی او چمن سپرد خاک

بوغرا روڈ پر خودکش حملے میں شہید ہونے والے ڈی پی او چمن ایس ایس پی ساجد خان کو سپرد خاک کردیا گیا۔

گزشتہ روز چمن کے علاقے بوغرا روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے ڈی پی او چمن ساجد خان مہمند کے قافلے پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ساجد خان شہید ہوگئے تھے جب کہ حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی ساجد خان مہمند کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، کورکمانڈر پشاور، آئی جی خیبرپختونخوا اور کمانڈنٹ ایف سی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ساجد خان کو ان کے آبائی گاؤں دوران پور کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین محسود نے کہا کہ ساجد خان ایک بہادر پولیس افسر تھے جن کی شہادت پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کا اہم کردار ہے، پولیس نے قیام امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

دوسری جانب خودکش دھماکے کا مقدمہ ایچ ایس او تھانہ سٹی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ 

مزید خبریں :