پاکستان
11 جولائی ، 2017

اگر حکومت چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ چلے تو وزیراعظم استعفا دے دیں، خورشید شاہ

اگر حکومت چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ چلے تو وزیراعظم استعفا دے دیں، خورشید شاہ

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہےکہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ چلے تو وزیر اعظم استعفا دے دیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ریاست اداروں سے چلتی ہے شخصیات سے نہیں، آج پارلیمنٹ کو خطرہ ہے، اگر حکومت چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ چلے تو وزیراعظم استعفا دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرامن انتقال اقتدارہوا لہٰذا جمہوریت کے تسلسل کے لیے نواز شریف مستعفی ہوجائیں۔

یہ پڑھیں: پی پی اور پی ٹی آئی میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست کرنے پر اتفاق

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا نواز شریف نےکہا تھا کہ الزامات ثابت ہو جائیں تو استعفادے دوں گا، میرا مطالبہ ہے وزیراعظم اپنے کہے کی پاسداری کریں اور استعفا دیں۔

خورشید شاہ نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے خود عہدہ چھوڑا اور عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیا، آج جس رویے کا اظہار حکومت کررہی ہے وہ باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزرا اداروں کو بدنام کر رہے ہیں اور اداروں کے کمزور ہونے سے دشمن مضبوط ہورے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا وزیراعظم کے استعفے کیلئے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان سے رابطہ

اس سے قبل خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں اپوزیشن جماعتوں نے جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد وزیراعظم سے استعفے کے مطالبے کےلیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

مزید خبریں :