کھیل
11 جولائی ، 2017

ورلڈکپ تک رسائی: پاکستان خطرے سے باہر، سری لنکا مشکلا ت کا شکار

ورلڈکپ تک رسائی: پاکستان خطرے سے باہر، سری لنکا مشکلا ت کا شکار

کراچی : زمبابو ے کے خلاف 2-3 سے سیریز ہارنے کے بعد سری لنکا پر 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں براہ راست نہ پہنچ سکنے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

بھارت – ویسٹ انڈیز  اور سری لنکا – زمبابوے سیریز کے اختتام پر جاری ہونے والی نئی آئی سی سی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر موجود سری لنکن ٹیم اور نویں نمبر پر موجود زمبابوے کے درمیان پوائنٹس کا فرق صرف 10 تک محدود ہو گیا ہے۔

زمبابوے سے سیریز ہارنے کے بعد سری لنکا 5 قیمتی پوائنٹس کی کمی کے بعد 93 سے 88 پر آگیا جب کہ بھارت کے ہاتھوں 1-3 کی شکست کے باوجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔

مستقبل کی سیریز کو دیکھا جائے تو سری لنکا کے پاس اب صرف اگست میں بھارت کے خلاف ایک روزہ میچ کی سیریز کی شکل میں آخری موقع موجود ہے جس کے ذریعے وہ ورلڈکپ میں براہ راست رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

اگر سری لنکا مذکورہ سیریز میں دو یا دو سے زائد میچز جیتنے میں کامیاب ہوتاہے تو وہ ورلڈکپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر لے گا۔

تاہم ، اگر سری لنکا ایسا کرنے میں ناکام ہوتا ہے تو ویسٹ انڈیز کو اگلے برس ورلڈ کپ کوالیفائر کھیلنے سے بچنے کا موقع مل جائے گا۔

اگر بھارت سری لنکا کو 1-4 سے شکست دیتا ہے تو ویسٹ انڈیز کو براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے انگلینڈ کو 0-5 سے شکست دینا ہو گی ۔ تاہم اگر بھارت سری لنکا کو 0-5 سے شکست دیتا ہے تو ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ کو 0-4 یا اس سے بہتر طریقے سے شکست دینا ہو گی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی رینکنگ میں پہلی آٹھ ٹیمیں 2019 کے ورلڈکپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گی جب کہ مزید چار ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے پہنچیں گی۔

دوسری جانب ، مہینوں تک کوالیفائی نہ کر سکنے کے خطرے کا شکار رہنے والی پاکستان ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد اس وقت رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر موجود ہے اس طرح اس کی ورلڈکپ میں براہ راست رسائی یقینی ہے۔

دریں اثنا، حالیہ چیمپنز ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستان کے بولر حسن علی نئی آئی سی سی رینکنگ میں مزید ترقی کرتے ہوئے چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن دو درجے تنزلی کے بعد پانچویں سے ساتویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

اسی طرح بیٹسمنیوں کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم بدستور پانچویں نمبر موجود ہیں جب کہ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں محمد حفیظ  بدستور دوسرے نمبر براجمان ہیں۔

مزید خبریں :