صحت و سائنس
12 جولائی ، 2017

لاہور: ٹولنٹن مارکیٹ کا گوشت مضر صحت قرار

لاہور: ٹولنٹن مارکیٹ کا گوشت مضر صحت قرار

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کی ٹولنٹن مارکیٹ کے حوالے سے وارننگ جاری کر دی،ٹولنٹن مارکیٹ میں بیچا جانے والا گوشت حفظان صحت کے اصولوں کے منافی اور مضر قرار دے دیا۔

اُدھر سیاحتی مقام بھوربن میں کارروائی کرتے ہوئے ایک فائیو اسٹار ہوٹل کا کچن سیل کر دیا گیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ٹولنٹن مارکیٹ کے دکانداروں اور گوشت خریدنے والوں کو وارننگ جاری کر د ی، گوشت بیچنے والے دکانداروں کو کاروبار جلد کسی محفوظ جگہ منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، دکانداروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کیلئے مئیر لاہور کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

فوڈ اتھارٹی نے شہریوں، کیٹرنگ کمپنیوں، ہوٹلز اور ریستوران انتظامیہ کو ٹولنٹن مارکیٹ سے گوشت نہ خریدنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہاں سے گوشت خریدنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اتھارٹی کے مطابق ٹولنٹن مارکیٹ میں پالتو جانوروں کی دکانوں اور گندے نالے کی وجہ سے گوشت آلودہ ہو جاتا ہے، آلودہ گوشت سے ٹائیفائیڈ اور ڈائیریا جیسی بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔

دوسری جانب ڈائریکٹر آپریشنز نارتھ بلاول ابڑو کے مطابق بھوربن کے فائیو اسٹار ہوٹل کے کچن کو ناقص صفائی، حشرات کی موجودگی پر سیل کر دیا گیا۔

کچن میں بچا ہوا کھانا جگہ جگہ فرش پر بکھرا پایا گیا، برتنوں کے جراثیم مارنے والی مشین بھی خراب پائی گئی۔

بلاول ابڑو کا کہنا تھا کہ ہوٹل انتظامیہ کو نیا تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :