دنیا
14 جولائی ، 2017

بھارت نے مسئلہ کشمیر پر چین کی ثالثی کی پیشکش مسترد کردی

بھارت نے مسئلہ کشمیر پر چین کی ثالثی کی پیشکش مسترد کردی

بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر چین کی ثالثی کی پیشکش مسترد کردی۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے کا کہنا ہے کہ پاکستان سے کشمیر پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن کسی تیسرے فریق کی ثالثی منظور نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی مسئلہ ایک ملک کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی ہے جس سے خطے اور دنیا کو بھی خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ چین نے گزشتہ روز مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔

چین نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر کشیدگی کم اور تعلقات بہتر کرنے کے لیے ’تعمیری کردار‘ ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ چین، بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات معمول پر لانے اوربہتر بنانے میں اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

چین کی طرف سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب خود دونوں ممالک چین اور بھارت کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

مزید خبریں :