انٹرٹینمنٹ
14 جولائی ، 2017

آنجہانی اوم پوری کی آخری فلم "مسٹر کباڑی" آئندہ ماہ ریلیز ہوگی

آنجہانی اوم پوری کی آخری فلم

بالی وڈ کے آنجہانی اداکار اوم پوری کی زندگی کی آخری فلم "مسٹر کباڑی" اگلے مہینے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

بالی وڈ نگری میں جاندار اداکاری کی بدولت اپنی الگ پہنچان بنانے والے آنجہانی اداکار اوم پوری کی زندگی کی آخری فلم اگست میں ریلیز کی جائے گی جس میں اوم پوری کو طنز و مزاح سے بھرپور کردار ادا کرتے دیکھا جاسکے گا۔

اداکار اوم پوری نے نہ صرف بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے بلکہ ہالی وڈ کے علاوہ پاکستانی اور برطانوی فلم نگری میں بھی وہ مختلف کردار ادا کرچکے ہیں۔ اوم پوری بھارت کا چوتھا بڑا ایوارڈ پدما شری بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

فلم "مسٹر کباڑی" کی ہدایت کار اوم پوری کی پہلی بیوی سیما کپور ہیں جب کہ فلم میں مسٹر کباڑی کا کردار اداکار انو کپور نبھائیں گے۔

سیما کپور کے مطابق فلم کی کہانی ایک ایسے کباڑی کے گرد گھومتی ہے جو اچانک امیر ہو جاتا ہے جس کے بعد نہ صرف وہ اپنے رہن سہن کو تبدیل کرتا ہے بلکہ اپنے کاروبار کو بھی فروغ دیتا ہے۔

سیما کا کہنا ہے کہ فلم کے تمام اداکاروں نے اپنا اپنا کردار باخوبی نبھایا ہے جس کی وجہ سے امید ہےکہ فلم سب کو پسند آئے گی۔

فلم میں اوم پوری کے علاوہ ساریکا، وینے پاٹھک، راجویر سنگھ، کشیشورا اور بریجیندرا کالا بھی حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ اداکار اوم پوری رواں سال جنوری میں دل کا دورہ پڑنے سے 66 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

مزید خبریں :