شہر شہر
15 جولائی ، 2017

کراچی میں مون سون کا نیا سسٹم آگیا، کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش

کراچی میں مون سون کا نیا سسٹم آگیا، کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش

کراچی میں بارش کا نیا سسٹم داخل ہوگیا، جس سے شہر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا سسٹم شہر میں داخل ہو نے سے کراچی میں منگل تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی جس سے ان علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

بارش ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہوگیا اور یہ علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

گلشن حدید سے گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی موسلا دھار بارش نے آہستہ آہستہ شہر کے بیشتر حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔

قائد آباد، ملیر، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی، شارع فیصل، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبہار، لسبیلہ، گارڈن، پاک کالونی، سائٹ، صدر آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، ٹاور اور ملحقہ علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جبکہ کہیں محض بوندا باندی ہوئی۔

بارش کا پانی کئی علاقوں میں جمع ہوگیا، جس سے گاڑیوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا رہا۔

کراچی میں آج دن بھر ہی بادلوں کا ڈیرہ رہا، شہر کے مختلف علاقوں میں رات میں شروع ہونے والا بوندا باندی کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا سسٹم شہر میں داخل ہورہا ہے جس کے وجہ سے آج (ہفتے کو) بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ منگل تک موسلا دھار بارش جاری رہے گی۔

مزید خبریں :