پاکستان
16 جولائی ، 2017

نواز شریف کو بدنیتی پر مبنی جے آئی ٹی کو چیلنج کرنا چاہیے، حاصل بزنجو

نواز شریف کو بدنیتی پر مبنی جے آئی ٹی کو چیلنج کرنا چاہیے، حاصل بزنجو

 نیشنل پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی بدنیتی پر مبنی ہے جسے نوازشریف اور (ن) لیگ کو مکمل طور پر چیلنج کرنا چاہیے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کے باعث ملک میں بحران کی کیفیت پیدا کی گئی جب کہ جے آئی ٹی بدنیتی پر مبنی ہے جسے نوازشریف اور (ن) لیگ کو مکمل طور پر چیلنج کرنا چاہیے۔

سینیٹر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ ملک کے خلاف عالمی سازشیں بھی کی جارہی ہیں اور ایسے میں ملک کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے جب کہ ملک میں کوئی ایک سیاستدان صادق اور امین نہیں ہے لہذا  ملک کے ساتھ صادق اور امین کا کھیل بند کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کو پاناما معاملے کو بہت سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا اور عوامی مینڈیٹ کو بے دردی سےجھٹلانے سے ریاست پر اثر پڑے گا۔

حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہکلثوم نواز کے علاوہ شریف خاندان کا ہر فرد جے آئی ٹی میں پیش ہوا، محسوس ہوتا ہےکہ جے آئی ٹی کرمنلز کی تفتیش کر رہی ہے سیاستدانوں کی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک کے جمہوری طور پر منتخب وزیراعظم ہیں اور انہوں نے نیک نیتی سے عدالتوں کے فیصلے مانے جب کہ ماضی میں بھی محترمہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی حکومتوں پر کرپشن کا الزام لگا کر انہیں فارغ کیا گیا۔

میرحاصل بزنجو نے سابق صدر پرویز مشرف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف صادق اور امین بن کر حکومت میں آئے اور ارکان پارلیمنٹ کے لئے گریجویشن کی شرط لگائی جب کہ جنرل ضیاءالحق نے آئین میں نااہلیت کی شقیں شامل کی تھیں۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ نوازشریف کو کوئی بھی چھوڑ سکتا ہے لیکن چودھری نثار نہیں کیوں کہ میں انہیں 1990 سے جانتا ہوں وہ سخت مزاج آدمی ہیں۔

مزید خبریں :