خصوصی رپورٹس
16 جولائی ، 2017

سہانے موسم میں کراچی کے اہم ترین تفریحی مراکز

سہانے موسم میں کراچی کے اہم ترین تفریحی مراکز

ان بارشوں سے دوستی اچھی نہیں فراز

کچا تیرا مکان ہے کچھ تو خیال کر  

لیکن کراچی کے شہری اس بات کو بھولتے ہوئے کہتے ہیں کہ آئے موسم رنگیلے سہانے تو جیا نہیں مانے:

 کراچی کے من چلے سہانا موسم ہوتے ہی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، جونہی بادل نے آسمان کو گھیرا سب ہی من چلے سیر و تفریح کا منصوبہ بنا کر نکل گھر سے باہر نکل پڑتے ہیں۔ کوئی دوستوں کی ٹولی کے ساتھ  نکل جاتا تو کوئی اپنے گھر والوں کے ساتھ موسم کے دلکش مناظر کو دیکھنے کے لئے خوبصورت مقامات کا رخ کرتا ہے۔

موسم  کے خوشگوار ہونے سے شہر شہر گلی گلی خوبصورت ہوجاتی ہے۔ موسم بدلتے ہی دل کا موسم بھی شرارت کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے کوئی گھر میں پکوڑے کچوری کے ساتھ چائے کا مزہ لیتا ہے تو کوئی چھت پر بیٹھے کافی کی چسکیاں بھر کے لطف اندوز ہوتا ہے۔

سہانے موسم کے جلوے دیکھنے کے لئے کراچی کے شہری کن مقامات کا سب سے زیادہ رخ کرتے ہیں آئیے جانتے ہیں۔

کلفٹن بیچ سی ویو:

کراچی میں سہانا موسم ہو یا رم جھم برسات من چلے فوراً کلفٹن کا رخ کرتے ہیں۔ ساحل پر لطف اندوز ہو کر بچے بڑے ہر ایک کے چہرے پر خوشی دکھائی دیتی ہے۔ بچے اور بڑے سب ہی ساحل سمندر پر گھوڑے اور اونٹ کی سواری بھی کرتے ہیں۔ من چلے کہتے ہیں کہ سہانے موسم میں سمندر پر اٹھکیلیاں کرنے سے اس کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔  

دو دریا:

سہانا موسم ہو اور من چلے مزیدار کھانوں کی طرف نہ بڑھیں ایسا ہو نہیں سکتا، کراچی کے شہریوں کے مطابق کھانوں کی پسندیدہ جگہ دو دریا ہے جہاں وہ ساحل سمندر کے حسین نظارے تکتے ہیں اور مزیدار کھانوں کا مزہ بھی لیتے ہیں۔ اس کی خاصیت یہ ہے کہ تمام ہی ریسٹورنٹ سمندر کے کنارے بنائے گئے ہیں۔

 مزار قائد :

بارش کے بعد سہانے موسم کا مزہ لینے کے لئے کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد قائداعظم کے مزار کی طرف چل پڑتی ہے۔ وہاں وہ بانی پاکستان کی قبر پر حاضری دیتے ہیں اور ساتھ ہی دلکش و خوبصورت موسم سے خوب لطف اندوز بھی ہوتے ہیں۔

واٹر پارک:

کراچی میں زیادہ تر موسم خشک اور گرم رہتا ہے اس لئے جب بھی ابر رحمت برستی ہے تو کراچی کے شہری اپنے آپ پر قابو نہیں رکھ پاتے اور سیرو تفریح کے لئے واٹر پارک کا انتخاب کرتے ہیں۔ جہاں واٹر سلائیڈنگ کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیا سے بھی بھرپور مزہ لیتے ہیں۔

پی اے ایف میوزیم:

سہانے موسم میں کچھ لوگ میوزیم کی سیر کرنا پسند کرتے ہیں۔ ساحل سمندر پر لوگوں کے ہجوم کا سوچ کر بھی اکثر لوگ گھبرا جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر فیمیلیز پی اے ایف میوزیم کا رخ بھی کرتی ہیں جہاں میوزیم کی سیر سے ان کا تاریخی چیزیں دیکھنے کا شوق بھی پورا ہوجاتا ہے اور ساتھی ہی بچوں کے ساتھ تفریح بھی۔ 

مزید خبریں :