پاکستان
17 جولائی ، 2017

پشاور: فرنٹیئر کور کی گاڑی پر خودکش حملہ، میجر شہید

پشاور: فرنٹیئر کور کی گاڑی پر خودکش حملہ، میجر شہید

پشاور کے علاقے حیات آباد میں فرنٹیئر کور کی گاڑی پر خودکش حملے میں پاک فوج کے میجر شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا جنہوں نے زخمی اہلکاروں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا۔

دوسری جانب ہسپتال میں ڈاکٹروں کے مطابق واقعے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوچکے ہیں جن میں ایک سپاہی اور میجر جمال شیران شامل ہیں۔

 

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خودکش حملہ آور نے جیکٹ پہنی ہوئی تھی اور موٹرسائیکل میں بھی دھماکا خیز مواد نصب تھا جب کہ دھماکے میں 10 سے 12 کلو مواد استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

مزید خبریں :