پاکستان
17 جولائی ، 2017

پاناما کیس کی سماعت کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مشاورتی اجلاس

پاناما کیس کی سماعت کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں مشاورتی اجلاس

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں مشاورتی اجلاس جاری ہے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ اجلاس کے دوران قانونی ماہرین کی سپریم کورٹ میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ پر پہلی سماعت پربریفنگ دی۔

اجلاس میں وزراء، مشیروں و معاونین خصوصی نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کی قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ میں پیش کیے گئے موقف پر بریفنگ دی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی حکمت عملی پر جوابی حکمت عملی بھی زیرغور آئی۔

 اس سے قبل پاناما کیس کی اہم ترین سماعت میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے وکلا سمیت شیخ رشید نے دلائل مکمل کیے جس کے بعد عدالت نے شریف خاندان کے وکیل کے دلائل کے آغاز میں سماعت کل تک ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ کی بنائی گئی جے آئی ٹی نے گزشتہ ہفتے 10 جولائی کو اپنی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کروائی جس کے بعد اس کیس کی آج پہلی سماعت ہوئی۔

سپریم کورٹ کے حکم پر 20 اپریل کو شریف خاندان کی منی ٹریل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جسے 60 روز میں اپنی تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا۔

جے آئی ٹی نے 10 جلدوں پر مشتمل اپنی حتمی رپورٹ میں کہا کہ شریف خاندان کے معلوم ذرائع آمدن اور طرز زندگی میں تضاد ہے۔

مزید خبریں :