دنیا
17 جولائی ، 2017

مانچسٹر میں نامعلوم افراد نے مسجد کو آگ لگا دی

مانچسٹر میں نامعلوم افراد نے مسجد کو آگ لگا دی

مانچسٹر میں نامعلوم افراد نے مسجد کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں مسجد کا اندرونی احاطہ مکمل طور پر خاکستر ہوگیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایمرجنسی سروس کو رات گئے مانچسٹر کے علاقے ڈرولسڈن روڈ پر واقع نسفت اسلامک سینٹر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا۔

اسلامک سینٹر کے ترجمان کے مطابق واقعے کے روز نامعلوم نمبر سے فون کال آئی اور کہا گیا کہ مسجد کو آگ لگا دی گئی ہے تاہم اس وقت مسجد میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔

فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ پر قابو پانے کے بعد فرانسسک ماہرین بھی موقع پر پہنچ گئے جب کہ فرانسسک ماہرین نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔

دوسری جانب مانچسٹر پولیس کے مطابق اسلامک سینٹر میں لگی آگ ابتدائی طور پر مشکوک دکھائی دیتی ہے تاہم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

خیال رہے کہ 2014 میں بھی اسلامک سینٹر کا دورہ کرنے کے لئے آنے والے لوگوں کو لانے لے جانے کے لئے استعمال ہونے والی منی بس کو آگ لگا دی گئی تھی۔

مزید خبریں :