پاکستان
18 جولائی ، 2017

بلاول کی پارلیمنٹ سےاستعفیٰ دینے کی بات پی ٹی آئی کی زبان ہے، دانیال عزیز

بلاول کی پارلیمنٹ سےاستعفیٰ دینے کی بات پی ٹی آئی کی زبان ہے، دانیال عزیز

مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ بلاول کی پارلیمنٹ سےاستعفیٰ دینے کی بات پی ٹی آئی کی زبان ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ پاناما معاملے سے جن جماعتوں کا کوئی تعلق نہیں وہ بھی سپریم کورٹ آگئی ہیں جب کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسمبلی سے استعفے کی جو بات کی وہ تحریک انصاف کی زبان ہے۔

رہنما نون لیگ نے کہا کہ 60 دن میں پاناما کیس کی تحقیقات ممکن ہی نہیں ہے جب کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد نمبر 10 کو خود مشکوک کردیا گیا ہے اس لئے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد نمبر 10 کو کھولا جائے اور ویڈیو ریکارڈنگ جاری کی جائیں۔

دانیال عزیز نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں کچھ بھی نہیں ہے اور اب  یہ کیس کیسے کیسے رنگ بدل رہا ہے جب کہ فریق پی ٹی آئی کا وکیل اپنے موقف سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔

پاناما کیس میں فریق، جماعت اسمبلی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے 2016 کی پاناما سے متعلق درخواست میں 450 افراد کا نام دیا لیکن 2017 کی ترمیم شدہ درخواست میں صرف شریف فیملی کا نام تھا، جماعت اسلامی کو کس نے مجبور کیا کہ 450 ناموں سے بھاگ جائے، جماعت اسلامی جواب دے کہ وہ اپنے موقف سے کیوں بھاگی۔

دانیال عزیز نے کہا کہ جماعت اسلامی کی خیبرپختونخوا میں وزارتوں میں ملی بھگت ہے جہاں احتساب کمیشن کو تالے لگا دیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :