انٹرٹینمنٹ
18 جولائی ، 2017

پریانکا نے زندگی کی 35 بہاریں دیکھ لیں

پریانکا نے زندگی کی 35 بہاریں دیکھ لیں

بالی وڈ کی مشہور اداکارہ اور سابق حسینہ عالم پریانکا چوپڑا آج اپنی 35 ویں سالگرہ منارہی ہیں۔

پریانکا چوپڑا بھارتی شہر جمشید پور بہار میں 18 جولائی 1982 کو پیدا ہوئیںاور انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا۔ پریانکا نے دیکھتے ہی دیکھتے 2000 میں مس ورلڈ پیجینٹ کا خطاب حاصل کیا۔

اداکارہ نے اپنے فنی کیئریئر کا آغاز تامل فلم سے کیا جس کے بعد 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’دی ہیرو‘‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھا۔ اس فلم میں پریانکا سنی دیول، پریتی زنتا اور انیل شرماکے ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔

اسی سال ان کی ایک اور فلم ’’انداز‘‘ بھی ریلیز ہوئی جس میں پریانکا نے اکشے کمار اور لارا دتا کے مدمقابل کام کیا۔

پریانکا کو اپنے فلمی سفر کے شروعات میں کافی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ 2002 سے 2004 تک ان کی کئی فلمیں  باکس آفس پر کوئی خاص پزیرائی حاصل نہیں کرسکیں لیکن 2004 میں ہدایت کار ڈیوڈ دھون کی مشہور فلم ’’مجھ سے شادی کروگی‘‘ نے اداکارہ کو عروج دیا۔ فلم میں وہ سلمان خان اور اکشے کمار کےساتھ نظر آئیں۔

پریانکا نے 2008 کی فلم ’’فیشن‘‘ میں ایسا جلوہ دکھایا کہ ان کی اداکاری اور خوبصورت اداؤں نے بالی وڈ کے ساتھ ہالی وڈ کو بھی اپنا گرویدہ بنالیا۔

پریانکا نے متعدد بہترین اداکارہ کے ایوارڈز بھی اپنے نام کیے جن میں نیشنل فلم ایوارڈز، فلم فیئر ایوارڈز، آئیفا اور اسکرین ایوارڈز شامل ہیں۔

اداکارہ  نے اعتراض، فیشن، دوستانہ، انجانہ انجانی، سلام عشق، اگنی پتھ اور باجی راؤ مستانی سمیت دیگر مشہور فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا اور بہترین اداکاری کی۔

بالی وڈ میں اپنے جلوے بکھیرنے کے بعد پریانکا ہالی وڈ میں بھی اپنی اداکاری کے خوب جوہر دکھا رہی ہیں۔ان کی ’’کوانٹیکو 2016‘‘  کی سیریز کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔

اس کے علاوہ پریانکا نہ صرف بہترین اداکارہ کے طور پر جانی جاتی ہیں بلکہ پروڈیوسر اور گلوکارہ کے طور پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرچکی ہیں۔

اداکارہ آج اپنی 35 ویں سالگرہ ممبئی میں گھر والوں اور دوستوں کےساتھ منارہی ہیں۔ جب کہ گزشتہ دنوں اپنی اور بھائی کی سالگرہ کی وجہ سے انہوں نے نیویارک میں ہونے والی آئیفا ایوارڈ کی تقریب میں بھی شرکت منسوخ کردی۔

مزید خبریں :