خصوصی رپورٹس
19 جولائی ، 2017

’آپ کا رشتہ آ گیا ہے‘: کریم کی نئی سروس

’آپ کا رشتہ آ گیا ہے‘: کریم کی نئی سروس

’آپ کا رشتہ آ گیا ہے‘، یہ پیغام اگر بہت سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر سکتا ہے تو کچھ لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بھی بند سکتا ہے۔

کچھ ایسی صورتحال کا سامنا معروف ٹیکسی سروس ’کریم‘ کے صارفین کو کرنا پڑا جب انہیں علی الصبح کمپنی نے ’آپ کا رشتہ آ گیا ہے‘ کا حیران کن پیغام بھیجاجو کہ درحقیقت مذاق نہیں تھا۔

بلکہ، کریم نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اپنے صارفین کو دو روز کے لیے ’رشتہ آنٹی‘ کار بُک کرنے کا آپشن فراہم کیا ہے جسے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جہاں پزیرائی مل رہی ہے وہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

ویسے تو رشتہ ڈھونڈنے کے لئے مختلف ویب سائٹس، فیس بک گروپس اور دفاتر تقریباً ہر شہر میں ہی موجود ہیں مگر پہلی مرتبہ کسی ٹیکسی سروس کی جانب سے صارفین کو ’رشتہ آنٹی‘ کی خدمات کار کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں۔

کریم کے صارفین ایپ کو استعمال کرتے ہوئے ’رشتہ آنٹی‘ کار آپشن کا انتخاب کرکے کار بُک کر سکتے ہیں اور آنے والی کار میں ’رشتہ آنٹی‘ موجود ہوں گی۔

 

 

کریم کے پبلک افیئرز کے سربراہ  سبطین نقوی نے جیوٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی خواتین سفر کے دوران اپنے بچوں کے رشتوں کی پریشانی سے دوچار نظر آتی ہیں، اس سروس کو متعارف کرنے کا مقصد ان تمام لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو کہ مناسب رشتوں کی تلاش میں ہیں۔

سبطین نقوی کے مطابق صارفین کو اس سروس کے حصول کے لیے ’بک لیٹر‘ کے آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا تاکہ وہ صارف کی ’رشتہ آنٹی‘ کے ملاقات طے کر سکیں، ’رشتہ آنٹی‘ صارف سے کچھ بنیادی سوالات کے بعد رابطہ نمبر شیئر کریں جس کے بعد صارف اور ’رشتہ آنٹی‘ براہ راست رابطے میں رہیں گے۔

اس سروس کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ بعض صارفین نے جہاں اسے تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں بعض نے اس سروس کے استعمال کے عزم کا اظہار کیا ہے۔  

 

کریم سروس کے مطابق صارفین سے اس سروس کی کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔  صارفین کو یہ سروس 19 اور 20 جولائی کو صبح 12 بجے سے رات 10 بجے تک مہیا رہے گی۔

مزید خبریں :