شہر شہر
19 جولائی ، 2017

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش ہوئی جس سے ہرطرف جل تھل ہوگیا۔

شہر قائد میں دوپہر کو گرمی دیکھی گئی اور سورج کی تپش میں بھی تیزی دکھائی دی تاہم دیکھتے ہی دیکھتے سہ پہر میں کالے بادلوں نے کراچی کو اپنی آغوش میں لے لیا جس کے بعد 4 بجے کے قریب موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

کراچی میں آئی آئی چند ریگرروڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا، لیاقت آباد، شارع فیصل، اورنگی ٹاؤن، بفروزن، گلبہار، ناظم آباد، گولیمار اور کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جب کہ کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی دیکھنے میں آئی۔

بارش سے شہر کا موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا اور شہری بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے جب کہ بارش سے کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام بہتر نہ ہونے کے سبب پانی بھی کھڑا ہوگیا۔

شہر میں بارش کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی صورتحال بھی خراب ہوگئی ج کہ موٹرسائیکل سواروں کے سلپ ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ادھر شہر میں بارش سے کے الیکٹرک کے کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

فیڈرز ٹرپ کرنے سے لیاقت آباد، شاہ فیصل کالونی، ملیر کالا بورڈ اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہر میں 22 اور 23 جولائی کو تیز بارش کا امکان ہے جب کہ آج ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

مزید خبریں :