پاکستان
19 جولائی ، 2017

الیکشن بل 2017 پر سیاسی جماعتوں کا اتفاق

الیکشن بل 2017 پر سیاسی جماعتوں کا اتفاق

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن بل 2017 پر اتفاق کر لیا ہے جس پر جمعہ کو دستخط ہوں گے۔

اسلام آباد میں انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد کمیٹی ارکان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ الیکشن بل 2017 پر سب جماعتوں نے اتفاق کیا ہے، انتخابی قوانین کی تیاری کے لیے ذیلی کمیٹی نے 90 سے زائد اجلاس کیے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی قوانین الیکشن کمیشن کی مشاورت سے بنائے گئے ہیں اور ان کی تیاری میں تمام جماعتوں نے اپنا حصہ ڈالا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کا اس پر اتفاق تھا کہ بہترقوانین بنیں، کوشش ہے ایسے اقدامات کیے جائیں جس سےانتخابات کا انعقاد شفاف ہو۔

جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے خواتین کے 10 فیصد ووٹ کی شرط پرتحفظات کا اظہارکیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کے ووٹ پرتحفظات ظاہر کیے اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ پر بھی تحفظات بتادیئے ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے مطالبات نہ مانے جانے پر اجلاس سے واک آؤٹ کیا، کافی وقت سے حکومت کو کہہ رہے تھے لیکن وہ اصلاحات نہیں کی جارہیں، اب بنی گالا میں اجلاس کے بعد آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

مزید خبریں :