دلچسپ و عجیب
20 جولائی ، 2017

خنجراب بارڈر پر چینی فوجی جوڑوں کی شادی، پاکستانی اہلکاروں نے رنگ جما دیا

خنجراب بارڈر پر چینی فوجی جوڑوں کی شادی، پاکستانی اہلکاروں نے رنگ جما دیا

پاکستان اور چین کی سرحدی حدود خنجراب بارڈر پر چینی فوجی جوڑوں کی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں نے بھنگڑا ڈال کر رنگ جما دیا۔

خنجراب بارڈر پر چینی جوڑوں کی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سرحدی محافظوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، شادی کی تقریب میں پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی شرکت کی اور بھنگڑا ڈال کر تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے ایک فیس بک پیج پر چند تصاویر شیئر کی گئی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی اہلکار بھنگڑا ڈال رہا ہے جسے دیکھتے ہوئے عروسی لباس میں ملبوس خاتون سے بھی نہ رہا گیا اور وہ بھی اہلکار کے ساتھ رقص کرنے لگ گئی۔

تصاویر میں چینی سرحدی محافظوں اور تقریب کے شرکا کو دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک دائرہ بنائے ہوئے کھڑے ہیں اور پاکستانی اہلکار اور دلہن رقص کر رہے ہیں جب کہ ایک چینی فوجی اس لمحے کو کیمرے میں محفوظ بھی کر رہا ہے۔

فیس بک پیج پر تصاویر اپ لوڈ ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی اسے ہزاروں لوگوں کی جانب سے نہ صرف پسند کیا گیا بلکہ اس پر دلچسپ تبصرے بھی کئے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ خنجراب بارڈر پر چینی فوجیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب کا انعقاد 2014 میں کیا گیا تھا لیکن اس یادگار تقریب کی تصاویر کو ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر شیئر کئے جانے کے بعد اسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :