کھیل
20 جولائی ، 2017

پی سی بی کی ویمن کرکٹ ٹیم کے لئے ٹرانسپورٹ انتظامات پر وضاحت

پی سی بی کی ویمن کرکٹ ٹیم کے لئے ٹرانسپورٹ انتظامات پر وضاحت

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کے وطن واپسی پر ٹرانسپورٹ تنازع پر پی سی بی نے بھی وضاحت جاری کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بعض میڈیا حلقوں کی جانب سے کھلاڑیوں کو ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم نہ کرنے کی خبریں شائع اور نشر کرنے پر افسوس کا اظہار کیا جب کہ اس حوالے سے ایک وضاحتی بیان بھی جاری کیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کو ایئرپورٹ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لے جانے کے لئے بس موجود تھی تاہم کھلاڑی منیجر سے اجازت لے کر ایئرپورٹ سے گھر روانہ ہوئیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں ناکام سفر کے بعد قومی ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی

ویمن کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ سے وطن واپسی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک کرکٹر تصویر وائرل ہوگئی تھی جس میں کرکٹر کو موٹرسائیکل پر گھر جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویمن ونگ کے حکام کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کی معاونت کے لئے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

قومی ویمن کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ ایونٹ کے ساتوں میچز میں شکست کے بعد 17 جولائی کو لاہور پہنچی تھی۔

مزید خبریں :