دنیا
20 جولائی ، 2017

رام ناتھ کووند بھارت کے نئے صدر منتخب

رام ناتھ کووند بھارت کے نئے صدر منتخب

نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار رام ناتھ کووند 65 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر کے بھارت کے 14ویں صدر منتخب ہوگئے۔

بھارت کے صدارتی انتخاب کے لئے نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار رام ناتھ کووند اور اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ امیدوار میرا کمار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا تاہم رام ناتھ کووند نے 65.65 فیصد ووٹ حاصل کر کے ملک کے 14ویں صدر منتخب ہوگئے۔

صدارتی انتخاب 2017 کے لئے ریٹرننگ افسر انوپ مشرا کے مطابق رام ناتھ نے الیکٹورل کالج میں مجموعی طور پر 2 ہزار 930 ووٹ حاصل کئے جب کہ میرا کمار ایک ہزار 844 ووٹ حاصل کرسکیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے رام ناتھ کو ملک کا صدر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ اور مختلف ریاستوں کی جانب سے رام ناتھ کی حمایت کرنے پر خوشی ہوئی جب کہ انہوں نے الیکٹورل کالج کے ممبران کا شکریہ بھی ادا کیا۔

صدارتی انتخاب کے لئے 771 ارکان پارلیمنٹ کو ووٹ کا حق حاصل تھا جب کہ رام ناتھ نے 522 اور میرا کمار نے 225 ووٹ حاصل کئے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ نے رام ناتھ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی تاریخی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے موجودہ صدر پرناب مھکرجی کی مدت 25 جولائی کو مکمل ہورہی ہے۔

مزید خبریں :