انٹرٹینمنٹ
21 جولائی ، 2017

اکشے کمار کی فلم ’’ٹوائلٹ:ایک پریم کتھا‘‘ ریلیز سے قبل لیک

اکشے کمار کی فلم ’’ٹوائلٹ:ایک پریم کتھا‘‘ ریلیز سے قبل لیک

بالی وڈ کے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار کی 11 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم’’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘‘ آن لائن لیک ہوگئی۔

بالی وڈ میں نامور اداکاروں کی فلمیں نمائش سے قبل ہی آن لائن لیک ہوئی ہیں جس سے ان کی کمائی بھی متاثر ہوتی ہے جب کہ فلم ’’گریٹ گرینڈ مستی‘‘ کے آن لائن لیک ہونے کے بعد فلم بری طرح فلاپ ہوگئی تھی اور پریس کانفرنس کے دوران اداکار بھی روپڑے تھے۔

سلمان خان کی فلم ’’سلطان‘‘ اور ’’اڑتا پنجاب‘‘ کے لیک ہونے کے بعد اب اکشے کمار کی 11 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹوائلٹ:ایک پریم کتھا‘‘ آن لائن لیک ہوگئی ہے جس کی تصدیق معروف کوریو گرافر اور ہدایت کار ریموڈی سوزا نے بھی کردی ہے۔

ہدایت کار کے مطابق ’’میری بلڈنگ کے جم ٹرینر میرے پاس آئے اور کہا کہ میرے پاس پین ڈرائیو میں اکشے کمار کی فلم ’’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘‘ کا پہلا ہاف موجود ہے جس پر میں نے ان کی بات پر یقین نہیں اور اسے مذاق سمجھا اور انہیں پین ڈرائیو لانے کا کہا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’ٹرینر نے جب پین ڈرائیو مجھے دی اور میں نے کھولی تو میرے ہوش ہی اڑگئے کیوں کہ اس میں پہلا ہاف نہیں بلکہ پوری فلم موجود تھی جس پر میں نے فوری طور پر اکشے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن لندن میں شوٹنگ میں مصروف ہونے کے باعث رابطہ نہ ہوسکا‘‘۔

ان کا کہنا تھا کہ اکشے سے رابطہ نہ ہونے پر فلمساز پرنا اروڑہ کو کال کی اور پورے واقعے کا بتایا جس پر وہ بھی چونگ گئیں اور انہوں نے ہدایت کار شری نارائن سنگھ کو فوری میرے دفتر بھیج کر پین ڈرائیو لی۔

فلم کے آن لائن لیک ہونے سے متعلق تاحال کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی ہے لیکن ریمو ڈی سوزا نے رپورٹ درج کرانے کی صورت میں تفتیش میں ساتھ دینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

فلم ’’ٹوائلٹ:ایک پریم کتھا‘‘ میں اکشے کمار اور اداکارہ بھومی پیڈنارکر نے کردار ادا کیا ہے جب کہ فلم بھارت میں خواتین کے سماجی مسائل اجاگر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے اور یہ فلم بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی صاف بھارت مہم کا حصہ ہے۔

مزید خبریں :