پاکستان
22 جولائی ، 2017

ٹنڈوالہیار: نشئی باپ نے 4 دن کا بچہ 15 ہزار میں فروخت کردیا

ٹنڈوالہیار: نشئی باپ نے 4 دن کا بچہ 15 ہزار میں فروخت کردیا

ٹنڈوالہ یار میں نشئی باپ نے 4 دن کے بچے کو مبینہ طور پر 15 ہزار میں فروخت کردیا۔

نمائندہ جیونیوز کےمطابق ٹنڈوالہیار کے علاقے مدینہ کالونی کی رہائشی خاتون نے چار دن قبل بچے کو جنم دیا جسے اس کے شوہر نے مبینہ طور پر 15 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔

خاتون کے مطابق اس کا شوہر عبدالغفور بنگالی نشے کا عادی ہے اور اس نے زبردستی بچہ چھینا جب کہ شوہر کا کہنا تھا کہ اس نے بیوی کے آپریشن کے لیے 15 ہزار روپے لیے تھے جسے چکتا کرنے کے لیے بچہ فروخت کیا۔

واقعے کے بعد بچے کی ماں نے تھانہ اے سیکشن میں رپورٹ درج کرائی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خدیجہ کبرانی نامی خاتون اور اس کے شوہر اللہ ڈنو کو گرفتار کرکے ان سے بچہ بازیاب کرالیا۔

گرفتار میاں بیوی کے مطابق انہوں نے بچہ خریدا نہیں بلکہ گود لیا ہے جس کی باقاعدہ ویڈیو بھی موجود ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو خریدنا یا قانونی کارروائی کے بغیر گود لینا بھی جرم ہے۔ پولیس نے بچہ ماں کے حوالے کرکے گرفتار میاں بیوی کے بیان کی روشنی میں تفتیش شروع کردی۔

مزید خبریں :