پاکستان
23 جولائی ، 2017

تجربہ کہتا ہے چوہدری نثار پارٹی نہیں چھوڑیں گے، جاوید ہاشمی

تجربہ کہتا ہے چوہدری نثار پارٹی نہیں چھوڑیں گے، جاوید ہاشمی

سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ میرے تجربے کے مطابق چوہدری نثار مسلم لیگ (ن) نہیں چھوڑیں گے کیوں کہ وہ سمجھدار اور عملی سیاست کے طالبعلم ہیں۔

ملتان میں اپنی رہائشگاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ میں کسی بھی سیاسی جماعت میں فارورڈ بلاک کی حمایت نہیں کرتا کیوں کہ فارورڈ بلال بنانا سیاسی سازش ہوتی ہے تاہم چوہدری نثار پارٹی نہیں چھوڑیں گے اور وہ کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنائیں گے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار سمجھدار اور عملی سیاست کے طالبعلم ہیں جن کی سوچ کو اچھی طرح جانتا ہوں، وفاقی وزیرداخلہ اداروں سے ٹکراؤ نہیں چاہتے اور حکومت اسی طریقے سے چلتی ہے جیسے چوہدری نثار چاہتے ہیں۔

چوہدری نثار کی پارٹی قیادت سے ناراضگی سے متعلق جاوید ہاشمی نے کہا کہ مجھے اندر کی بات کا علم نہیں تاہم چوہدری نثار اندر کے آدمی رہے ہیں اور وہ پارٹی کا  سرمایہ ہیں جب کہ وہ محنت سے سیاست کا راستہ نکالتا جانتے ہیں، انہیں پارٹی نہیں وزارت سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما نے کہا کہ میری سیاست کی لائن تھوڑی سخت ہے، مجھے کہا جاتا تھا کہ اختلاف رائے عوام کے سامنے نہ کریں جب کہ میں کبھی بھی اندر کا آدمی نہیں رہا اور میں کسی کو بھی پسند نہیں تھا۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہمیشہ کہا کہ کسی کے کہنے پر چڑھائیاں نہ کریں جب کہ نواز شریف کو بھی سمجھایا تھا کہ پیسا ملک سے باہر نہ لے کر جائیں۔

خیال رہے کہ جاوید ہاشمی طویل عرصے تک مسلم لیگ (ن) سے وابستہ رہے تاہم پارٹی قیادت سے اختلافات کے بعد انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا لیکن جلد ہی پی ٹی آئی کو بھی خیرباد کہہ دیا۔

مزید خبریں :