پاکستان
23 جولائی ، 2017

وزیر ریلوے کی 48 گھنٹے میں تمام ٹرینوں کی وقت پر آمد و روانگی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیر ریلوے کی 48 گھنٹے میں تمام ٹرینوں کی وقت پر آمد و روانگی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی ہے کہ  48 گھنٹے میں تمام ٹرینوں کی وقت پر آمد اور روانگی یقینی بنائی جائے جب کہ ریلوے کا پہیہ روکنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ریلوے ڈرائیورز کی ہڑتال کا اقدام بلا جواز اور بلیک میلنگ تھی تاہم اب ریلوے کا پیسنجر آپریشن پوری طرح بحال ہو چکا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ہڑتال پر نہ جانے والے ڈرائیوروں، مینجمنٹ اور پولیس کا شکر گزار ہوں اور جو ڈرائیور ہڑتالی ٹولے کو مسترد کر کے واپس آئیں گے انہیں خوش آمدید کہا جائے گا اور ہڑتال کرنے والے کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ غیر ذمہ دار ڈرائیوروں کی وجہ سے  مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس پر معذرت خواہ ہوں، ٹرین ڈرائیوروں کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کا عندیہ پہلے ہی دے چکے تھے تاہم انسانی جانوں کےضیاع کے ذمے دار ڈرائیورز کو قانون کے شکنجے سے نہیں نکال سکتے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 18جولائی کو لوکورننگ اسٹاف ایسوسی ایشن نے چند مطالبات کیے جن میں حادثات پر برطرف ڈرائیورز اور اسسٹنٹ ڈرائیورز کی بحالی، اسکیل اپ گریڈیشن، مائلیج الاؤنس اور تنخواہوں میں اضافہ شامل تھا تاہم انہیں 2 مطالبات تسلیم کرنے کا عندیہ دیا جس کے باوجود ہڑتال کی گئی۔

مزید خبریں :